کشمیر میں سی آر پی ایف قافلے پر جیش محمدکے عسکریت پسندوں کا حملہ ‘ 40 جوان ہلاک

,

   

سرینگر ۔ 14 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) کم از کم 40 سی آر پی ایف ارکان عملہ جموں و کشمیر کے ضلع پلوامہ میں ہلاک ہوگئے جبکہ جیش محمد عسکریت پسندوں نے زائد از 100 کیلوگرام (بعض رپورٹس میں 350 کیلو بتایا گیا) دھماکو مادے سے بھری گاڑی ان کی بس سے ٹکرادی ۔ یہ ریاست میں حالیہ برسوں میں خوفناک ترین دہشت گرد حملہ ہوا ۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ دھماکے کی آواز 10 کیلومیٹر دور تک سنی گئی۔ 2500 سے زیادہ سی آر پی ایف ارکان عملہ جن میں سے بیشتر رخصت سے واپسی پر وادی میں اپنی ڈیوٹی پر حاضر ہونے کیلئے قافلے کی شکل میں جارہے تھے جس میں 70 گاڑیاں شامل تھیں جبکہ اس قافلے پر سرینگر ۔ جموں قومی شاہراہ پر اونتی پورہ میں دہشت گردوں نے گھات لگاکر حملہ کیا ۔ پولیس کے بموجب دہشت گرد خودکش گاڑی چلاتے ہوئے آئے اور پلوامہ میں 2018 ء میں جیش محمد میں شامل ہوئے تھے۔ گاڑی کو عادل احمد چلارہا تھا جبکہ کاکاپورہ کے مقام پر دھماکہ کیا گیا ۔ ہلاکتوں کی تعداد میں مزید اضافہ کا اندیشہ ہے ۔ جیش محمد گروپ نے اس حملہ کی ذمہ داری قبول کرلی ہے ۔ یہ حملہ سرینگر سے 20 کیلو میٹر کے فاصلے پر کیا گیا ہے ۔ کئی درجن ارکان عملہ اس حملے میں زخمی بھی ہوئے جبکہ اُن کی گاڑی لوہے کا ڈھیر بن گئی۔ دیگر کئی بسوں کو حملے سے نقصان پہونچا ۔ بس کے پُرزے پورے علاقے میں بکھرے نظر آرہے تھے۔ یہ ایک بڑا قافلہ تھا اور تقریباً 2500 ارکان عملہ گاڑیوں میں سفر کررہے تھے ۔ قافلے پر چند گولیاں بھی چلائی گئیں ۔ سی آر پی ایف کے ڈائرکٹر جنرل آر آر بھٹناگر نے کہا کہ حملہ غروب آفتاب کے قریب کیا گیا۔ وادی کشمیر کو جانے والے ارکان عملہ کی تعداد بہت زیادہ تھی کیونکہ قومی شاہراہ پر گزشتہ دو یا تین دن سے کوئی نقل و حرکت نہیں تھی‘ دیگر انتظامی وجوہات بھی تھیں ۔ معمول کے مطابق قافلے میں ایک ہزار ارکان عملہ سفر کرتے ہیں لیکن اس بار ان کی تعداد 2547 تھی ۔ ایک روڈ اوپننگ پارٹی تعینات کی گئی تھی اور قافلے میں بکتر بند انسداد دہشت گردی گاڑیاں بھی شامل تھیں ۔ فارنسک اور بم کا تجزیہ کرنے والی ٹیمیں موقعہ واردات پر پہونچ چکی ہیں ۔ سرکاری عہدیدار نے کہا کہ جس بس کو حملے کا نشانہ بنایا گیا وہ 76 ویں بٹالین کی تھی ۔ فوج کے 39 ارکان عملہ اس میں سوار تھے ۔ سی آر پی ایف کے انسپکٹر جنرل آپریشنس کشمیر ذوالفقار حسن نے کہا کہ یہ حملہ گاڑی کو نشانہ بناکر کیا گیا۔ جموں و کشمیر پولیس نے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے ۔ جموں و کشمیر میں یوں تو انکاؤنٹرس میں ہلاکتیں روز کا معمول ہے لیکن اتنا مہلک حملہ دیکھنے میں نہیں آیا تھا۔

سی آر پی ایف قافلے پر حملہ کی شدید مذمت
امریکہ، روس و دیگر اقوام کا بھی سخت ردعمل
نئی دہلی ، 14 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) جموں و کشمیر کے ضلع پلوامہ میں آج سی آر پی ایف قافلے پر جیش محمد کے ہلاکت خیز حملے کی نہ صرف صدرجمہوریہ رام ناتھ کووند، وزیراعظم نریندر مودی اور دیگر قائدین نے سخت الفاظ میں مذمت کی بلکہ ملک کی تمام سیاسی پارٹیوں بشمول اصل اپوزیشن کانگریس نے بھی گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا، نیز دنیا بھر سے مختلف اقوام نے بھی سخت ردعمل میں کہا کہ دہشت گردی کے خلاف اجتماعی لڑائی کا وقت آچکا ہے۔ صدر کووند نے حملے کے تمام زخمیوں کی عاجلانہ صحت یابی کی تمنا ظاہر کی۔ وزیراعظم مودی نے کہا کہ سکیورٹی پرسونل کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ انھوں نے کہا کہ ساری قوم حملے کے مہلوکین و زخمیوں کے خاندانوں کے ساتھ شانہ بہ شانہ کھڑی ہے۔ امریکہ، روس کے ساتھ فرانس نے بھی کہا کہ وہ دہشت گردی کی لعنت سے لڑنے میں ہندوستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ جرمنی، آسٹریلیا، ترکی، کناڈا، بنگلہ دیش نے بھی سخت مذمت کا اظہار کیا۔ اندرون ملک صدر کانگریس
راہول گاندھی، صدر بی جے پی امیت شاہ، کشمیر کے قائدین عمر عبداللہ اور محبوبہ مفتی، شرد پوار، چیف منسٹر اے پی چندرا بابو نائیڈو، چیف منسٹر کیرالا پی وجین و دیگر نے اظہار مذمت کیا۔ پرینکا گاندھی نے لکھنو میں اپنی پہلی کانفرنس منسوخ کردی۔ آر ایس ایس نے خاطیوں کیخلاف سخت کارروائی کی توقع ظاہر کی۔

چیانلس رپورٹنگ میں احتیاط برتیں
نئی دہلی ، 14 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) وزارت اطلاعات و نشریات نے آج پلوامہ حملے کے تناظر میں تمام ٹی وی چیانلوں سے کہا کہ اپنی متعلقہ نشریات میں احتیاط سے کام لیں۔ دریں اثناء کانگریس نے اس حملہ کے پیش نظر جمعہ کو G20 اقوام کے سفیروں کی میزبانی میں مقررہ لنچ منسوخ کردیا۔

کشمیر حملہ کا انتقام لیا جائیگا : راجناتھ
نئی دہلی ، 14 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے آج ملک کے عوام کو یقین دلایا کہ جموں و کشمیر میں سی آر پی ایف بس پر دہشت گردانہ حملہ جو پاکستان کی سرپرستی والے جیش محمد نے کیا، اُس کا انتقام لیا جائے گا۔ انھوں نے ایک بیان میں کہا کہ مرکزی حکومت ایسے حملے جن کو پاکستان کی سرپرستی اور پناہ حاصل ہے، ان کے ذریعے نقص امن کے منصوبوں کو ناکام بنانے پُرعزم ہے۔

پاکستان دہشت گردوں کی مدد بند کرے : ہندوستان
نئی دہلی ، 14 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان نے آج پلوامہ میں جیش محمد کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے پڑوسی ملک سے کہا کہ وہ دہشت گردوں کی مدد کرنا بند کرے اور اپنی سرزمین سے سرگرم دہشت گردانہ اڈوں کو تباہ کرے۔ وزارت امور خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ یہ سفاکانہ حرکت پاکستان نشین گروپ نے کی ہے۔ دریں اثناء کابینی کمیٹی برائے سلامتی کی کل جمعہ کو صبح میٹنگ متوقع ہے۔