کشمیر میں شب برأت کے موقع پر مساجد اور درگاہیں بند

,

   

سرینگر ۔9اپریل ( سیاست ڈاٹ کام) کشمیر میں شب برأت کے موقع پر کسی بھی بڑی مسجد میں عبادت نہیں کی گئی اور نہ ہی کسی درگاہ پر زائرین کا اجتماع دیکھا گیا ۔ کورونا وائرس کے خطرات سے نمٹنے والی کشمیر میں لاک ڈاؤن کے باعث پابندیاں عائد کی گئی ہے ۔ عوام کو گھروں پر رہنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔ حکام نے کہا کہ علماء دین نے بھی عوام سے اپیل کی تھی کہ وہ شب برأت کے موقع پر اپنے اپنے گھروں میں ہی عبادت کریں ، کہیں بھی کوئی مذہبی اجتماع نہیں ہوگا ۔ ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ سرینگر شاہد اقبال چودھری نے تمام مذہبی اجتماعات اور عوام کے جمع ہونے پرپابندی عائد کی تھی ۔ خاص کر شب برأت کے موقع پر قبرستانوں کو جانے اور مساجد میں عبادت پر پابندی عائد کی گئی اور دفعہ 144بھی نافذ کیا گیا ہے ۔ جموں و کشمیر کے مفتی اعظم نثار الاسلام نے بھی عوام پر زور دیا ہے کہ وہ گھروں پر ہی رہ کر عبادت کریں ۔ 14اور 15شعبان کی درمیانی شب ذکر و اذکار کی فضیلت زیادہ ہے ۔ وادی میں بعض مساجد میں مختصر اجتماعات اور نمازوں کی پابندی کی گئی ہے لیکن یہاں پر مصلیوں کی تعداد بہت کم تھی ۔