کشمیر میں طویل سرمائی چھٹیوں کے بعد اسکول دوبارہ کھل گئے

,

   

سری نگر، 9 مارچ (یو این آئی) وادی کشمیر میں پیر کی صبح طویل سرمائی چھٹیوں کے بعد پہلی سے آٹھویں جماعتوں تک کے لئے بھی اسکول دوبارہ کھل گئے ۔ وادی میں سرمائی تعطیلات کے بعد 9 ویں سے 12 جماعتوں تک اسکول 23 فروری کو ہی دوبارہ کھل گئے تھے ۔ پہلی سے آٹھویں جماعتوں کے لئے گرچہ یکم مارچ سے اسکول کھلنے کا شیڈول تھا تاہم ایران کے سپریم لیڈر سید علی خامنہ ای کے قتل کے بعد ہونے والے احتجاج کے پیش نظر حکام نے کشمیر بھر میں تمام تعلیمی اداروں کو بنا بر احتیاط بند رکھنے کا حکم دیا تھا۔ وادی میں صورتحال بہتر ہونے کے پیش نظر حکام نے پیر سے اسکول دوبارہ کھلنے کا اعلان کیا تھا۔ تفصیلات کے مطابق وادی بھر میں پیر کی صبح تمام تعلیمی ادارے دوبارہ کھل گئے جس کے ساتھ ہی کم عمر طلبا کے لئے 3 ماہ سے زیادہ سرمائی تعطیلات کے بعد تعلیمی سرگرمیاں بحال ہوئیں۔ وادی کے شہر و دیہات میں طلبا کو صاف و شفاف وردیوں میں ملبوس اسکول گاڑیوں میں اور پیدل چلتے ہوئے بھی اپنے اپنے اسکولوں کی طرف جاتے ہوئے دیکھا گیا جس سے ماحول میں ایک خوش کن کیفیت پیدا ہوئی۔