بی بی سی اپنے موقف پر اٹل۔ تحدیدات کابھی تذکرہ
نئی دہلی 11 اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام ) برٹش براڈ کاسٹنگ کارپوریشن ( بی بی سی ) نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کشمیر میں فائرنگ کی اپنی رپورٹ کو درست قرار دیا ہے ۔ بی بی سی نے اپنے ٹوئیٹر پر یہ بیان جاری کیا ہے اور اس میں جموں و کشمیر کی صورتحال پر اپنی رپورٹ کو درست قرار دیا ہے ۔ واضح رہے کہ بی بی سی نے پہلے اطلاع دی تھی کہ جموں و کشمیر میں پولیس کی جانب سے احتجاجیوں پر فائرنگ کی گئی ہے ۔ تاہم جموں و کشمیر پولیس نے اپنے رد عمل میں کہا تھا کہ کشمیر میں گذشتہ چند دنوں کے دوران فائرنگ کا کوئی واقعہ پیش ہی نہیں آیا ہے ۔ بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹس سے عوام کو گمراہ نہیں ہونا چاہئے ۔ تاہم بی بی سی نے کہا کہ ہم صورتحال کی غیر جانبداری سے رپورٹنگ کر رہے ہیں اور ہماری رپورٹنگ بالکل درست بھی ہے ۔ بی بی سی نے کہا کہ ہم اپنی صحافت پر اٹل ہیں اور ہم واقعات کی غلط رپورٹنگ کے الزام کو مسترد کرتے ہیں۔ دوسرے براڈ کاسٹرس کی طرح ہم بھی کشمیر میں انتہائی مشکل حالات میں اور تحدیدات میں کام کر رہے ہیں لیکن ہم وہاں جو کچھ ہو رہا ہے اس کی رپورٹنگ کرتے رہیں گے ۔