سرینگر 15 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) دستور کی دفعہ 370 کی تنسیخ اور جموں و کشمیر کی دو مرکزی زیرانتظام علاقوں میں تقسیم کے خلاف منظم کردہ احتجاجی مارچ کے دوران پولیس نے منگل کو یہاں درجن بھر خاتون کارکنوں کو گرفتار کرلیا جن میں سابق چیف منسٹر فاروق عبداللہ کی ہمشیرہ اور دختر بھی شامل ہیں۔ پولیس نے کہاکہ فاروق عبداللہ کی ہمشیرہ ثریا اور دختر صفیہ، سابق چیف جسٹس جموں و کشمیر ہائی کورٹ بشیر احمد خاں کی شریک حیات حوا بشیر یہاں خواتین کے ایک جلوس کی قیادت کررہی تھیں جنھیں حراست میں لے لیا گیا۔ خواتین اپنے بازو پر سیاہ پٹیاں باندھ کر ہاتھوں میں پلے کارڈس تھام کر آگے بڑھ رہی تھیں جنھیں پولیس اہلکاروں نے ایک مقام پر جمع ہونے سے روکتے ہوئے پرامن طور پر منتشر ہوجانے کیلئے کہا تھا۔