کشمیر میں فوج ، انتظامیہ کا عوام کی تکالیف دور کرنے کا مشن

   

امن کی بحالی ، بھائی چارگی کے قیام اور بیروزگاری دور کرنے عوام سے تجاویز طلب
جموں ۔ 21 ۔ ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) فوج کی شمالی ہند کی کمان کے سربراہ لیفٹننٹ جنرل رنبیر سنگھ نے کشمیر کے جنوبی حصہ کے مقامی لوگوں سے تال میل قائم کیا ۔ جنوبی کشمیر کو عسکریت پسندی کا گڑھ تصور کیا جاتا ہے ۔ رنبیر سنگھ نے اس پیغام کے ساتھ اس علاقہ کے لوگوں سے ملاقات کی فوج اور حکومت دونوں مل کر امن کی بحالی اور اس علاقہ کی جامع ترقی کو یقینی بنانے کے لئے کام کر رہے ہیں۔ کشمیری برادری کے چنندہ لیڈروں کے ایک گروپ کے ساتھ میل ملاپ کی ایک تقریب کے دوران جس کا جمعہ کے دن اہتمام کیا گیا تھا ۔ فوج سربراہ رنبیر سنگھ نے وادی کے شاندار مستقبل کو یقینی بنانے کیلئے لوگوں سے تجاویز طلب کیا ۔ یہ اجلاس ایسے وقت منعقد کیا گیا ، جب کشمیر میں معمول کی زندگی اب بھی ٹھپ ہوکر رہ گئی ہے اور یہ جموں و کشمیر کے خصوصی موقف کی برخواستگی اور اس سے دو ریاستوں میں تقسیم کے فیصلے کے نفاذ کے بعد سے مسلسل مخدوش ہے ۔ ا یک مختصر ویڈْو کے ایک حصہ میں بتایا گیا کہ لیفٹننٹ جنرل سنگھ نے کشمیری برادری کے قائدین سے کہا کہ ’’ہم جہاں جہاں جاتے ہیں ، وہاں وہاں لوگوں کو یہ پیغام دیتے ہیں اور ان سے درخواست کرتے ہیں کہ آپ اس پیغام کو دوسروں تک پہنچائیں کہ ہم اس خطہ کی ترقی اور اس میں امن کے خواہاں ہیں ۔ ہم چاہتے ہیں کہ یہاں لڑکیاں اور لڑکے اچھی تعلیم حاصل کریںاور انہیں اچھا روزگار ملے ۔ ہم ان کے مستقبل کو درخشاں دیکھنا چاہتے ہیں۔ جنرل نے اس ویڈیو میں مزید کہا کہ ہم اس سمت میں کام کر رہے ہیں اور حکومت بھی اس میں کوشاں ہے۔ اگر آپ کوئی تجویز پیش کرنا چاہتے ہیں تو ہم اس پر عمل کرنے کیلئے تیار ہیں۔ دفعہ 370 کی منسوخی کے بعد سے فوج نے جموں میں عوام سے بڑے پیمانہ پر رابطہ کا ایک مشن شروع کر رکھا ہے تاکہ مقامی انتظامیہ کی جانب سے اس علاقہ میں امن ، بھائی چارگی اور باہمی تعاون کا ماحول پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے اور وج اس میں مقامی انتظامیہ کی مدد کر رہی ہے ۔ جموں کے کسی بھی حصہ سے آج کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کی اطلاع نہیں ملی ۔ معمول کی زندگی پر امن رہی اور لوگ اپنے روز مرہ معمولات میں مصروف پائے گئے ۔ فوج یہاں صلاح کاروں سے ملاقات کر رہی ہے اور عوام سے مل کر ان کی تکلیفوں کو دور کرنے کی کوشش کر رہی ہے ۔ اس کے لئے فوج کی طرف سے مفت طبی کیمپ لگائے جارہے ہیں۔ یہ بات جموں میں تعینات فوج کے پی آر او لیفٹننٹ کرنل دیویندر آنند نے بتائی ۔