کشمیر میں مرحوم صحرائی کے دو بیٹے گرفتار ہندوستان مخالف نعرے بازی کا الزام

   

سری نگر۔ جموں و کشمیر پولیس نے حال ہی میں انتقال کرنے والے تحریک حریت کشمیر کے چیئرمین محمد اشرف صحرائی کے دو بیٹوں کو گرفتار کر لیا ہے ۔ پولیس نے کہا ہے کہ مرحوم صحرائی کے دو بیٹوں اور دیگر چار افراد کو (صحرائی کی) تجہیز و تکفین کے دوران ہندوستان مخالف نعرے بازی کرنے پر گرفتار کیا گیا ہے ۔ کشمیر زون پولیس کے آفشیل ٹویٹر ہینڈل پر سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کی ایک ٹویٹ کو ری ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا گیا مرحوم صحرائی کے دونوں بیٹوں اور چار دیگر افراد کو جنازے کے دوران ملک مخالف نعرے بازی کرنے پر گرفتار کیا گیا ہے ۔ ان پر پی ایس اے عائد نہیں کیا گیا ہے ۔ برائے مہربانی افواہ نہ پھیلائیں۔ ضلع پولیس کپوارہ نے ایک ٹویٹ میں لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ افواہوں پر کان نہ دھریں۔ محبوبہ مفتی نے اپنی ٹویٹ میں دعویٰ کیا تھا کہ اشرف صحرائی، بقول ان کے جن کی موت دوران حراست ناکافی طبی نگہداشت کی وجہ سے ہوئی، کے بیٹوں کو پی ایس اے کے تحت گرفتار کیا ہے ۔ تحریک حریت چیئرمین محمد اشرف صحرائی کا 5 مئی کو گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں میں مختصر علالت کے بعد انتقال ہوا تھا۔ اُن کا کوووڈ 19 کی تشخیص کے لئے کیا جانے والا آر ٹی پی سی آر ٹیسٹ کی رپورٹ مثبت آئی تھی۔