کشمیر میں مسلح نوجوانوں کو تشدد سے کچھ حاصل نہیں ہوگا:گورنر ستیہ پال

,

   

جموں وکشمیر کے گورنر ستیہ پال ملک نے کہا کہ وادی کشمیر میں آپریشن آل آوٹ نام کا کوئی جنگجو مخالف آپریشن نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری مسلح نوجوانوں کو تشدد سے کچھ حاصل نہیں ہوگا۔ انہوں نے ان نوجوانوں سے ہتھیار ڈالنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ہم ان کی بازآبادکاری کے لئے کچھ بھی کرنے کے لئے تیار ہیں۔ گورنر موصوف پیر کے روز جموں کی کنال روڑ پر واقع راجندر پارک میں ‘جے اینڈ کے بینک’ کی جانب سے تعمیر کئے گئے میوزیکل فائونٹین اور اوپن ایئر جمنازیم کی افتتاحی تقریب کے موقع پر نامہ نگاروں کے سوالات کا جواب دے رہے تھے ۔ گورنر ستیہ پال ملک نے آپریشن آل آوٹ سے متعلق ایک سوال کے جواب میں کہا ‘آپریشن آل آوٹ نام کا کوئی آپریشن نہیں ہے ۔ لوگ ایک غلط اصطلاح استعمال کررہے ہیں۔ کہیں جنگجو ہوتے ہیں، وہ فائر کھولتے ہیں یا ہتھ گولہ پھینکتے ہیں۔ ایسا نہیں ہوسکتا کہ آپ فائر کریں گے اور ہم آپ کو گلدستے یا پھول دیں گے ۔ ہم نے کوئی آپریشن آل آوٹ شروع نہیں کیا ہے ۔ ہم تو یہ چاہتے ہیں کہ یہ بچے (کشمیری مسلح نوجوان) واپس آئیں۔ ان کے لئے ہم جو کرسکتے ہیں وہ کرنے کے لئے تیار ہیں۔ انہیں یہ راستہ چھوڑنا چاہیے ۔ انہیں اس راستے سے کچھ حاصل نہیں ہوگا۔ میں یہ ایک بار پھر کہنا چاہتا ہوں کہ آپریشن آل آوٹ نام کی کوئی چیز نہیں ہے ‘۔ گورنر موصوف نے نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ کے بیانات پر کہا کہ سیاسی لوگوں کی سیاسی مجبوریاں ہوتی ہیں اور اس دیش (بھارت میں) ووٹ کے لئے سیاستدان کسی بھی حد تک جاسکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا ‘فاروق صاحب روز کچھ نہ کچھ نیا بولتے ہیں اور پھر بدل دیتے ہیں۔ وہ ایک سینئر آدمی ہیں۔ میں ان کا احترام کرتا ہوں۔ ان کی بات پر تبصرہ کرنا میرے لئے ٹھیک نہیں ہے ۔ سیاسی لوگوں کی سیاسی مجبوریاں ہوتی ہیں۔ اس دیش میں ووٹ کے لئے انسان بہت دور تک جاتا ہے ۔ میں سب کی مجبوریاں سمجھتے ہوئے سب کا احترام کرتا ہوں’۔ گورنر ستیہ پال ملک نے ریاست میں اسمبلی انتخابات کے انعقاد پر کہا کہ ریاستی انتظامیہ ان انتخابات کے لئے مکمل طور پر تیار ہے ۔ انہوں نے کہا ‘ہم لوگ تیار ہیں، جب الیکشن کمیشن کہے گا تو ہم انتخابات کرائیں گے ‘۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ گورنر ستیہ پال ملک سے قبل فوج کی 15 ویں کور کے جنرل آفیسر کمانڈنگ (جی او سی) لیفٹیننٹ جنرل انیل کمار بھٹ بھی یہ بات کہہ چکے ہیں کہ وادی کشمیر میں جنگجوئوں کے خلاف آل آوٹ نام کا کوئی آپریشن نہیں ہے ۔ انہوں نے 12 نومبر 2018 کو بارہمولہ کے حیدربیگ پٹن میں قائم 10 سیکٹر ہیڈکوارٹر میں واقع زورآور ہال میں منعقدہ آرمی گڈول اسکولوں کی ایک مشترکہ تقریب کے حاشئے پر نامہ نگاروں کو بتایا تھا ‘میں اس بات کی وضاحت کرنا چاہوں گا کہ آل آوٹ نام کا کوئی آپریشن نہیں ہے ۔ جہاں کہیں بھی نوجوان ہتھیار اٹھائے گا ، ہم اسے برباد کریں گے ۔ ساتھ ہی میں یہ بھی کہنا چاہوں گا کہ کشمیری نوجوان اگر آپریشن کے دوران بھی خودسپردگی اختیار کرنا چاہیں گے انہیں وہ موقع دیا جائے گا’۔