کشمیر میں مواصلات بحال کرنے مودی پر امریکی کانگریسیوں کا زور

   

واشنگٹن ، 28 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی ۔ امریکی قانون ساز پرامیلا جئے پال کے ساتھ 13 دیگر امریکی ارکان کانگریس نے وزیراعظم نریندر مودی پر زور دیا ہے کہ کشمیر میں انسانی حقوق کے بارے میں تشویش کو دور کریں اور مواصلات پر پابندی کو ختم کیا جائے۔ وزیراعظم مودی کو موسومہ ایک بیان مشترکہ طور پر جاری کیا گیا ہے۔ اس بیان میں قانون سازوں نے کہا کہ ملک بھر کی ہزاروں فیملیوں کی طرف سے جو جموں و کشمیر میں موجود اپنی فیملی سے رابطہ قائم کرنے میں ناکام ہورہے ہیں، ہم وزیراعظم مودی سے کمیونکیشن پر امتناع کو برخاست کردینے کی اپیل کرتے ہیں اور یہ وہاں جاری انسانی حقوق سے متعلق فکرمندی کو دور کرنے پر بھی زور دیتے ہیں۔ 5 اگست کو جب نئی دہلی نے دستور کے آرٹیکل 370 کو برخاست کرتے ہوئے جموں و کشمیر کا خصوصی درجہ ختم کیا اور اس سرحدی ریاست کو دو مرکزی علاقوں جموں و کشمیر اور لداخ میں تقسیم کیا، تب سے وہاں تحدیدات لاگو ہیں اور اس کے تحت مواصلات پر بھی پابندی عائد ہے۔ امریکی قانون سازوں نے کہا کہ ہندوستان کا اپنے دستور کے آرٹیکل 370 کو منسوخ کرنا اس کا داخلی معاملہ ہے لیکن ہندوستان نے وادی کشمیر میں تحدیدات کے نفاذ کی مدافعت ان بنیادوں پر کی ہے کہ وہ پاکستان کو وہاں شرپسندی سے روکنا چاہتے اور بالواسطہ مسائل کی جڑ کاٹنا چاہتے ہیں۔ امریکی قانون سازوں نے کہا کہ اس عمل میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی نہ ہو۔