مصلیوں میں زبردست جوش و خروش
سری نگر: وادی کشمیر کی تمام بڑی مساجد، خانقاہوں اور امام بارگاہوں میں پانچ ماہ بعد جمعے کو نماز جمعہ کی ادائیگی سے محراب ومنبر گونج اٹھے ۔بتادیں کہ کورونا وبا کے پیش نظر وادی میں قریب پانچ ماہ تک عبادت گاہیں بند رہیں جنہیں 16 اگست کو کھول دیا گیا۔پائین شہر کے نوہٹہ میں واقع قدیم ترین عبادت گاہ تاریخی جامع مسجد، جس میں غالباً وادی کا سب سے بڑا جمعہ اجتماع منعقد ہوتا ہے ، میں بھی نماز جمعہ قریب پانچ ماہ بعد ادا کی گئی۔جامع کے میناروں سے اذان کی صدا گونجنے کے ساتھ ہی نمازی جامع میں داخل ہونے لگے ۔میڈیا نمائندوں نے جامع کا دورہ کرنے کے بعد بتایا کہ جامع مسجد میں نماز جمعہ کی ادائیگی کے لئے نمازیوں کا جم غفیر جمع تھا۔انہوں نے کہا کہ نمازیوں نے گھروں سے ہی حسب ہدایات مصلے ساتھ لائے تھے اور ماسکس بھی لگا رکھی تھیں۔موصوف نے بتایا کہ رضاکار ان نمازیوں کو مفت ماسکس فراہم کر رہے تھے جن کے پاس ماسکس نہیں تھیں۔انہوں نے کہا کہ نمازیوں نے دوران نماز بھی سماجی فاصلے کا خاص خیال رکھا ہوا تھا۔موصوف نے بتایا کہ درگاہ حضرت بل میں بھی نماز جمعہ کی ادا کی گئی جس میں کافی تعداد میں نمازیوں نے شرکت کی اور وبا سے نجات اور متاثرین کی صحتیابی کے لئے دعائیں کی گئیں۔