سری نگر17فروری (سیاست ڈاٹ کام ) بی جے پی جموں وکشمیر یونٹ کے جنرل سکریٹری (آرگنائزیشنز) اشوک کول نے کہا کہ وادی کشمیر میں کسی بھی سیاسی لیڈر پر بلاوجہ پبلک سیفٹی ایکٹ (پی ایس اے ) عائد نہیں کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی لیڈر کو ہمیشہ کے لئے بند نہیں رکھا جائے گا اور حالات میں مزید بہتری آتے ہی پی ایس اے کے تحت نظربند کئے گئے لیڈران کو بھی رہا کیا جائے گا۔اشوک کول نے یو این آئی اردو سے بات کرتے ہوئے کہا: ‘جن لوگوں پر پی ایس اے لگا ہے کچھ وجوہات کی بناء پر ہی لگا ہے ۔ جان بوجھ کر کسی بھی شخص پر پی ایس اے نہیں لگایا جاتا’۔ان کا مزید کہنا تھا: ‘حالات مزید ٹھیک ہوجائیں گے تو نظربند لیڈران کو رہا کیا جائے گا۔ کسی کو تھوڑی ہی ہمیشہ کے لئے بند رکھا جائے گا۔ لوگوں کو چھوڑا بھی تو جارہا ہے ‘۔آئی اے ایس ٹاپر سے سیاستدان بننے والے ڈاکٹر شاہ فیصل پر پی ایس اے کے اطلاق کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں بی جے پی جنرل سکریٹری نے کہا: ‘شاہ فیصل پر پی ایس اے کیوں لگایا گیا، میں اس پر کچھ نہیں کہہ سکتا۔ سرکار کو لگا ہوگا کہ ان کی سرگرمیوں کو دیکھتے ہوئے ان پر پی ایس اے لگنا چاہیے ۔ پی ایس اے لگانے کے لئے جموں وکشمیر حکومت سفارش کرتی ہوگی اور پھر مرکزی وزارت داخلہ باقی کام کرتا ہوگا‘