کشمیر میں کورونا کے مثبت کیسیس اور اموات میں کمی

   

Ferty9 Clinic

سری نگر:صوبائی کووڈ کنٹرول روم کشمیر کے سربراہ شری کانت سوسے نے کہا ہے کہ وادی کشمیر میں کووڈ 19 کی صورتحال مجموعی طور پر کنٹرول میں ہے ۔انہوں نے کہا کہ کورونا کے مثبت کیسز اور اموات میں بھی کمی واقع ہو رہی ہے ۔موصوف نے بتایا کہ موسم سرما کے پیش نظر کورونا سے متعلق انتظامات و سہولیات کو یقینی بنانے کے لئے تیاریاں شروع کی گئی ہیں۔انہوں نے ان باتوں کا اظہار محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ کی طرف سے دوردرشن پر نشر کئے جانے والے ہفتہ وار خصوصی پروگرام ‘سکون’ میں کیا ہے ۔مسٹر سوسے نے کہا: ‘کورونا کے پیش نظر صوبائی کووڈ کنٹرول روم کشمیر کا قیام ماہ مارچ میں عمل میں لایا گیا اور اس کی سربراہی صوبائی کمشنر کشمیر کر رہے ہیں’۔انہوں نے کہا کہ اس کنٹرول روم میں ہر سیکشن جیسے ٹیسٹنگ، سیمپلنگ، ٹریسنگ وغیرہ کے الگ الگ شعبے ہیں اور ہر سیکشن کا سربراہ اس شعبے کا ایک ماہر ہے ۔موصوف نے کہا کہ ہر روز شام کو ان سربراہوں کی ایک میٹنگ ہوتی ہے جس میں کووڈ کی صورتحال زیر بحث آتی ہے ۔انہوں نے کہا: ‘ہر ہفتہ صوبائی کمشنر کی صدارت میں بھی ایک میٹنگ لگتی ہے جس میں کشمیر کے سبھی دس اضلاع کے ضلع مجسٹریٹ اور ایس ایس پیز شرکت کرتے ہیں اور ان کے علاوہ اس میٹنگ میں بڑے ہسپتالوں اور میڈیکل کالجوں کے سپرنٹنڈنٹس اور سی ای اوز بھی شریک ہوتے ہیں اور کورونا کے متعلق گفتگو کی جاتی ہے ‘۔