کشمیر میں ہڑتال کا 55واں دن، بعض جگہ پابندیاں جاری

   

سرینگر، 28 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) جموں وکشمیر کے گرمائی دارالحکومت سرینگر کے مختلف حصوں بالخصوص پائین شہر میں ہفتہ کے روز مسلسل دوسرے دن بھی شہریوں کی آزادانہ نقل وحرکت پر پابندیاں نافذ رہیں۔ تاہم وادی کے دیگر اضلاع میں جو سیکورٹی پابندیاں جمعہ کے روز نافذ کی گئی تھیں وہ ہٹالی گئی ہیں۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق وادی کے مختلف حصوں بالخصوص گرمائی دارالحکومت سری نگر میں گزشتہ رات دیر گئے لوگوں نے اس وقت سڑکوں پر نکل کر پٹاخے سر کئے جب وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے سالانہ اجلاس میں کشمیری عوام کے بقول کشمیریوں کے حق میں زبردست تقریر کی۔ انتظامیہ نے ظاہری طور پر وزیر اعظم پاکستان کی تقریر کے پیش نظر احتجاجی مظاہروں کے خدشے کے پیش نظر سری نگر کے مختلف حصوں بالخصوص پائین شہر اور صورہ میں پابندیوں کا نفاذ ہفتہ کو مسلسل دوسرے دن بھی جاری رکھا۔ پابندی والے علاقوں میں بڑی تعداد میں سیکورٹی فورسز اہلکار تعینات رکھے گئے ہیں۔ دیگر علاقوں میں بھی فورسیس متعین ہیں۔