نئی دہلی 2 فروری: (ایجنسیز) کشمیر وادی میں پیر کی علی الصبح 4.7 شدت کا زلزلہ محسوس کیا گیا جس کے بعد بارہمولہ ضلع کے پٹن اور آس پاس کے علاقوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ مقامی باشندے گھروں سے باہر نکل آئے جبکہ کئی علاقوں میں لوگ کھلے مقامات پر جمع ہوگئے۔ حکام کے مطابق فوری طور پر کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔ قومی مرکز برائے زلزلہ نگاری کے مطابق زلزلہ صبح 5 بج کر 35 منٹ پر آیا اور اس کی گہرائی تقریباً 10 کلو میٹر ریکارڈ کی گئی۔ زلزلے کا مرکز پٹن علاقہ بتایا گیا ہے جو سیاحتی مقام گلمرگ سے تقریباً 10 کلو میٹر شمال مشرق میں واقع ہے۔ ابتدائی اطلاعات میں شدت 4.6 بتائی گئی تھی تاہم بعد ازاں اسے 4.7 درج کیا گیا۔ عینی شاہدین کے مطابق جھٹکے قریب بیس سیکنڈ تک محسوس کیے گئے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ کشمیر وادی جغرافیائی اعتبار سے نہایت حساس زلزلہ خیز پٹی میں واقع ہے۔ گزشتہ برس نومبر میں جاری قومی زلزلہ جاتی خطرے کے نقشے میں کشمیر سمیت پورے ہمالیائی خطے کو انتہائی خطرناک زمرے میں رکھا گیا تھا۔ سن 2005 میں آنے والا تباہ کن زلزلہ آج بھی خطے کے لیے ایک دردناک یاد ہے جس نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی اور ہزاروں جانیں نگل لی تھیں۔ حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ افواہوں سے گریز کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں سرکاری ہدایات پر عمل کریں۔ انتظامیہ صورت حال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے جبکہ متعلقہ محکموں کو مستعد رہنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔