سری نگر، 23 فروری (یو این آئی) وادی کشمیر میں پیر کی صبح خوشگوار موسم کے بیچ دو مہینوں کی طویل سرمائی چھٹیوں کے بعد نویں سے بارہویں جماعتوں کے لئے تعلیمی ادارے دوبارہ کھل گئے ، جس کے ساتھ ہی وادی کے اسکولوں میں درس و تدریس کی سرگرمیاں بحال ہوئیں۔ وادی کے گوشہ و کنار میں پیر کی صبح طلبا کو صاف و شفاف وردیوں میں ملبوس اپنے اپنے اسکولوں کی طرف روانہ ہوتے ہوئے دیکھا گیا جن کے چہروں پر خوشی و شادمانی کے آثار نمایاں تھے ۔ ادھر اسکولوں میں بھی بچوں کی آمد کے پیش نظر صفائی ستھرائی و دیگر ضروری انتطامات کو عملی شکل دی گئی تھی اور اساتذہ کو بچوں کا پھولوں سے استقبال کرتے ہوئے دیکھا گیا۔ دسویں جماعت کے مقتدیٰ مہدی نامی ایک طالب علم نے بتایا کہ دو مہینوں کے طویل عرصے کے بعد آج اسکول جا رہا ہوں، میری خوشی کا کوئی ٹھکانہ نہیں ہے ، موسم بھی خوشگوار ہے ، گھر میں بیٹھنے کو اب دل نہیں کرتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ آج اپنے اساتذہ اور دوستوں کے ساتھ کافی مدت کے بعد ملاقات ہوگی جس کا بے صبری سے انتظار تھا۔ ایک اور طالب علم نے بتایا کہ آج صبح سویرے اٹھنا پڑا اور اسکول کے لئے تیار ہونا پڑا جس سے دل کو الگ ہی خوشی ہوئی۔