کشمیر میں 90 ء سے 71,000 دہشت گردانہ واقعات

   

مکینوں کو بنیادی سہولتوں سے محروم رکھنے کے الزامات مسترد :مرکز
نئی دہلی ۔ 17ستمبر ۔( سیاست ڈاٹ کام ) جموں و کشمیر میں آرٹیکل 370 کی تنسیخ کے فوری بعد مواصلات کو منقطع کرنے کی ضرورت کو حق بجانب قرار دیتے ہوئے مرکز نے گزشتہ روز سپریم کورٹ کو بتایا کہ اس ریاست میں 1990 ء سے دہشت گردانہ تشدد کے زائد از 71,000 واقعات پیش آئے ہیں ۔ اٹارنی جنرل کے کے وینوگوپال نے چیف جسٹس آف انڈیا رنجن گوگوئی کی زیرقیادت بنچ کو بتایا کہ گزشتہ 29 سال میں 71,038 واقعات میں 41,866 افراد کی جان گئی جن میں 14,038 عام شہری ، 5,292 سکیورٹی پرسونل اور 22,536 دہشت گرد شامل ہیں۔ ایک عرضی کے ذریعہ ایسے الزامات پر کہ مقامی لوگوں کو بنیادی سہولتوں سے محروم رکھا جارہا ہے ، اٹارنی جنرل نے کہاکہ یہ بات غلط ہے ۔ 10.5لاکھ لوگوں کا علاج ہوا ہے ، 67,196 مریض دواخانوں میں شریک ہیں اور 10699 بڑی اور 53297 چھوٹی سرجریاں انجام دی جاچکی ہیں۔ علاوہ ازیں 90 فیصد میڈیکل شاپس کھلے ہیں اور 8.9 لاکھ ایل پی جی سلینڈرس گھروں کو فراہم کئے جاچکے ہیں۔