23 لاکھ سے زیادہ رائے ووٹرس 219 امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ کریں گے
سرینگر: جموں وکشمیر میںاسمبلی انتخابات 2024 کے پہلے مرحلہ کی ووٹنگ کل صبح یعنی 18 ستمبر کو ہوگی۔ ووٹنگ کا عمل صبح سات بجے شروع ہوگا جو شام کے چھ بجے تک جاری رہے گا۔ اس سلسلہ میں انتظامیہ کی جانب سے تمام تیاریاں مکمل کی گئیں ہیں۔ پولنگ عملہ کو مختلف پولنگ مراکز روانہ کیا گیا ہے۔ انتخابات کو شفاف اور پرامن طریقہ سے انجام دینے کے لئے سکیورٹی کے سخت انتظامات عمل میں لائے گئے ہیں۔ پولنگ مراکز کے ارد گرد سیکیورٹی کا سخت پہرہ بٹھا دیا گیا ہے جبکہ حساس مقامات پر سکیورٹی فورسز کے اضافی دستوں کو قائم کیا گیا ہے وہیں سکیورٹی کو مزید چوکس کرنے کے لئے جدید آلات جیسے سی سی ٹی وی کیمرہ اور ڈرون کی خدمات بھی عمل میں لائی جائیں گی۔ پہلے مرحلہ میں سات اضلاع کے 24 اسمبلی حلقوں میں ووٹنگ ہوگی۔ اس مرحلے میں 23,27,580 ووٹر اپنی حق رائے دہی کا استعمال کرنے کے اہل ہیں جن میں 11,76,462 لاکھ مرد ووٹرز جبکہ 11,51,058 خواتین ووٹرز ہیں۔ 60 تیسری جنس کے ووٹرز بھی شامل ہیں جبکہ نوجوان ووٹرز کی ایک خاصی تعداد بھی ووٹروں میں شامل ہے جن میں 18 سے 29 سال کی عمر کے درمیان 5.66 لاکھ نوجوان ووٹرز ووٹ ڈالنے کے اہل ہیں۔ 28,309 معذور افراد اور 85 سال سے زیادہ عمر کے 15,774 ووٹرز بھی اپنے حق رائے دہی کا استعمال کریں گے ۔پہلے مرحلہ کے تحت جموں و کشمیر دونوں ڈویژنوں میں انتخابات ہونگے ۔کشمیر ڈویژن میں 16 اسمبلی حلقے شامل ہیں جبکہ جموں ڈویژن میں 8 اسمبلی حلقوں میں پہلے مرحلے میں پولنگ ہوگی۔جموں و کشمیر کے سات اضلاع میں 10 سالوں میں پہلی بار اسمبلی انتخابات میں لوگ ووٹ ڈالیں گے اور23 لاکھ سے زیادہ رائے دہندگان 219 امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ کریں گے، جن میں 90 آزاد امیدوار بھی شامل ہیں، جو 24 اسمبلی حلقوں میں حصہ لے رہے ہیں- جموں خطے کے تین اضلاع میں آٹھ اورکشمیر کے چار اضلاع میں 16 حلقے شامل ہیں ۔