سری نگر:محکمہ اسٹیٹ کی جانب سے سرینگر کی پریس کالونی میں واقع انگریزی روز نامہ ’’کشمیر ٹائمز‘‘ کے دفتر کو مقفل کرنے کے خلاف سیاسی و صحافتی حلقوں نے سخت ناراضگی کا اظہار کیا ہے ۔واضح رہے کہ محکمہ اسٹیٹ نے پیر کی شام سری نگر کی پریس کالونی میں واقع انگریزی روزنامہ ’’کشمیر ٹائمز‘‘کے دفتر کو مقفل کر دیا۔قبل ازیں متعلقہ محکمہ نے گذشتہ ہفتے سری نگر کے مگرمل باغ میں واقع مقامی خبر رساں ادارہ ’’کشمیر نیوز سروس‘‘کے دفتر کو مقفل کر دیا تھا۔مذکورہ روزنامے کی چیف ایڈیٹر انورادھا بھسین نے حکومت پر انتقام گیری کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ یہ میری حکومت کی پالیسیوں کو ہدف تنقید بنانے کا شاخسانہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ متعلقہ محکمہ کی طرف سے کوئی پیشگی نوٹس یا اطلاع دیئے بغیر ہی پیر کی شام جب عملہ اپنے کام میں مصروف تھا تو انہیں باہر نکالا گیا اور دفتر کو سیل کر دیا گیا۔انہوں نے کہا کہ ہمارا انفراسٹرکچر جس میں کمپیوٹر وغیرہ شامل ہیں ابھی بھی اسی دفتر میں ہیں۔دریں اثنا متعلقہ محکمے نے کہا کہ انہوں نے روزنامے کے بانی آنجہانی وید بھیسن کو الاٹ کئے جانے والے مکان کو واپس اپنے قبضے میں لے لیا ہے ۔محکمے کے ایک عہدیدار نے بتایا: وید بھسین صاحب کو دو عمارتیں الاٹ کی گئی تھیں۔
