اقوام متحدہ ۔ 8 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) کشمیر میں صورتحال بہتر نہ ہونے پر اقوام متحدہ کے انسانی حقوق سے متعلق ادارے نے ہندوپاک پر تنقید کی ہے۔ رپورٹ میں کشمیر کی صورتحال پر سابقہ رپورٹ میں بیان کردہ تحفظات اور مسائل کے حل کے لیے اقدامات نہ کرنے پر نئی دہلی اور اسلام آباد حکومتوں کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔ تازہ رپورٹ کے مطابق ہندوستانی فوجی دستوں کی جانب سے کی گئی خلاف ورزیوں کے خلاف کارروائی نہ ہونے کے برابر ہے۔ پاکستان پر تنقید وہاں آزادی اظہار اور معلومات کے تبادلے میں درپیش مسائل کے سبب کی گئی۔ رپورٹ میں اقوام متحدہ کی ہیومن رائٹس کونسل سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ کشمیر میں انسانی حقوق کی مبینہ خلاف ورزیوں کے معاملے کی تفصیلی اور آزادانہ تحقیقات کرائی جائیں۔