کشمیر پر القاعدہ سربراہ الظواہری کا پہلا ویڈیو جاری

   

ہندوستانی فوج اور حکومت کو دھمکی ، دہشت گردوں کو متحد ہونے کا مشورہ

نئی دہلی۔ 10 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) القاعدہ کے سربراہ ایمن الظواہری نے مسئلہ کشمیر پر جاری کردہ اپنے پہلے ریڈیو میں دہشت گردوں سے کہا کہ وہ ہندوستانی فوج اور حکومت کو مسلسل دھکے دیتے رہیں تاکہ معیشت مجروح ملک متاثر ہوسکے۔ ظواہری جنہوں نے اسامہ بن لادن کی موت کے بعد القاعدہ کی باگ ڈور سنبھالی تھی، کہا کہ ’’میں اس نظریہ کا حامل ہوں کہ کشمیر میں مجاہدین (مسلح دہشت گرد) ہندوستانی فوج اور حکومت کو مسلسل دھکے دینے کے لئے ایک ذہن ہوکر توجہ مرکوز کریں تاکہ ہندوستانی معیشت مجروح ہوسکے اور ہندوستان افرادی قوت اور آلات اور اوزار کے اعتبار سے نقصانات کا شکار ہوسکے‘‘۔ یہ ویڈیو القاعدہ کے اشاعت گھر سے وابستہ چینل پر جاری کیا گیا۔ القاعدہ تنظیم دنیا تک اپنے نظریات پہنچانے کیلئے اس چینل کو ہی استعمال کیا کرتا ہے۔ ظواہری نے دہشت گردوں پر زور دیا کہ وہ دنیا بھر کے مسلم بھائیوں سے رابطہ کے لئے ایک مؤثر و طاقتور چینلس قائم کریں۔ سیکوریٹی فورسیس نے اس ویڈیو کی جانچ کی ہے جو باور کیا جاتا ہے کہ وادی کشمیر میں ایک دوسرے سے ناراض دہشت گردوں کو متحد کرنے کی ایک کوشش کے طور پر جاری کی گئی ہے۔ ظہواری نے عربی زبان میں خطاب کیا جس میں کشمیر میں سیکوریٹی فورسیس کے ہاتھوں ہلاک ہونے والے دہشت گرد ذاکر موسیٰ کا کوئی تذکرہ نہیں کیا گیا لیکن خطاب کے دوران اسکرین پر اس (ذاکر موسیٰ) کی تصویر دکھائی گئی تھی۔ موسیٰ ’انصار غزوۃ الہند‘ کے نام سے القاعدہ کا پہلا ہندوستانی سل بنایا تھا۔