کشمیر پر او آئی سی اجلاس کی طلبی میں پاکستان ناکام

   

Ferty9 Clinic

سعودی عرب کا اظہار بے اعتنائی، اختلاف رائے اہم وجہ
اسلام آباد ۔ 6 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) آرگنائزیشن آف اسلامک کوآپریشن (او آئی سی) میں کشمیر پر فوری اجلاس طلب کرنے پاکستان کی کوشش ناکام ہوتی دکھائی دے رہی ہے کیونکہ سعودی عرب نے اس اقدام کے سلسلہ میں بے اعتنائی کا مظاہرہ کیا ہے۔ سعودی عرب کی زیرقیادت او آئی سی کے وزرائے خارجہ کا کشمیر پر اجلاس طلب کرنے کا ڈسمبر میں منصوبہ بنایا گیا تھا۔ ملیشیاء میں حال ہی میں منعقدہ مسلم ممالک کے اجلاس میں وزیراعظم پاکستان نے شرکت کی توثیق کردی تھی لیکن آخری لمحات میں وہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے دباؤ کے باعث پاکستان کی شرکت کو یقینی نہیں بنا سکے۔ یہ دونوں ممالک مالی بحران کا شکار پاکستان کیلئے کلیدی اہمیت کے حامل ہیں۔ او آئی سی میں اپنی بات منوانے میں ناکامی پر پاکستان مایوسی کا شکار ہے۔ پاکستان کی درخواست پر کشمیر پر اجلاس طلب کرنے میں سعودی عرب نے کوئی خاص توجہ نہیں دی ہے۔ ڈان نیوز کی یہ رپورٹ ایک ایسے وقت سامنے آئی ہے جب بلاک کے سینئر عہدیدار کی 9 فبروری کو جدہ میں میٹنگ ہوئی جس میں وزرائے خارجہ کی کونسل کی تیاریاں ہوں گی۔ آرگنائزیشن آف اسلامک کوآپریشن کا جدہ میں ہیڈکوارٹر ہے جو اقوام متحدہ کے بعد بین حکومتی دوسری بڑی تنظیم ہے۔ او آئی سی بالعموم کشمیر پر پاکستان کی حمایتی رہی ہے اور اس مسئلہ پر ہمیشہ اسلام آباد کا ساتھ دیا ہے۔ حال ہی میں ملیشیاء کے اپنے دورہ کے موقع پر وزیراعظم عمران خان کو اس وقت مایوسی کا سامنا کرنا پڑا جب او آئی سی نے کشمیر پر خاموشی اختیار کرلی کیونکہ اس مسئلہ پر اس میں اختلافات پائے جاتے ہیں۔ پاکستان او آئی سی وزرائے خارجہ کا کشمیر پر اجلاس چاہتا ہے کیونکہ حکومت ہند نے گذشتہ سال اگست میں آرٹیکل 370 کو منسوخ کرتے ہوئے کشمیر کے خصوصی موقف کو برخاست کردیا تھا۔