کشمیر پر ثالثی کیلئے ٹرمپ کی پیشکش پر ہندوستان کا مؤقف واضح

   

Ferty9 Clinic

نیویارک، 24 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی جانب سے مسئلہ کشمیر پر ثالثی کی پیشکش پر ہندوستان نے کہا ہے کہ وہ پہلے ہی اس سلسلے میں اپنی پوزیشن واضح کرچکا ہے ۔منگل کو وزارت خارجہ میں سکریٹری اے گیتیش شرما نے صحافیوں سے یہ بات کہی۔سکریٹری نے کہا ، ‘‘وزیر اعظم نریندر مودی اور امریکی صدر کے مابین کل ایک میٹنگ ہوگی ، ہمیں اس کا انتظار کرنا چاہئے ۔’’وزارت خارجہ کے ترجمان رویش کمار نے کہا ، ‘‘سکریٹری مسٹر شرما نے اس معاملے میں پہلے ہی جواب دے دیا ہے ۔ ہندوستان پہلے ہی اس معاملے پر اپنا موقف واضح کرچکا ہے ۔ ہمیں کل کے اجلاس کا انتظار کرنا چاہئے ۔ ’’مسٹر ٹرمپ نے پیر کو ایک بار پھر کہا تھا کہ اگر ہندوستان اور پاکستان چاہیں تو وہ مسئلہ کشمیر پر ثالثی کر سکتے ہیں۔پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان کے ساتھ پیر کو مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہا ، ‘‘اگر میں مدد کرسکتا ہوں تو ، میں ضرور کروں گا’’ ، اگر ہندوستان اور پاکستان دونوں چاہیں تو ، میں مدد کرنے کو تیار ہوں۔’’قابل غور بات یہ ہے کہ مسٹر ٹرمپ اس سے قبل بھی متعدد بار مسئلہ کشمیر پر ثالثی کی پیش کش کرچکے ہیں ، لیکن ہندوستان نے اسے مستقل طور پر مسترد کردیا ہے ۔قبل ازیں مسٹر ٹرمپ نے گذشتہ روز ہیوسٹن میں مسٹر مودی کے ساتھ ‘ہاؤڈی مودی’ پروگرام میں شرکت کی تھی اور امریکہ میں مقیم غیر ملکی ہندوستانیوں کو مشترکہ طور پر خطاب کرتے ہوئے بنیاد پرست اسلامی دہشت گردی کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔دونوں رہنماؤں کی چہارشنبہ کے روز ایک اہم دو طرفہ ملاقات ہوگی۔

مودی کی نامیبیا کے صدر سے ملاقات
نیویارک ،24 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیر اعظم نریندر مودی نے اقوام متحدہ کے جنرل اسمبلی اجلاس کے موقع پر منگل کے روز یہاں نامیبیا کے صدر ہیگ جنگوب سے ملاقات کی جس میں دونوں ممالک کے مابین شراکت داری کو مزید تقویت بخشنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزارت خارجہ کے ترجمان رویش کمار نے ٹوئیٹ کرکے یہ اطلاع دی۔ترجمان نے ٹوئیٹ کیا ، ‘‘دونوں مضبوط جمہوری ممالک کے مابین تعلقات کو مزید گہرا کرنے کے لئے ، وزیر اعظم نریندر مودی نے اقوام متحدہ کے جنرل اسمبلی اجلاس کے موقع پر نامیبیا کے صدر ہیگ جنگوب کے ساتھ ایک خوشگوار ملاقات کی۔’’دونوں رہنماؤں نے باہمی شراکت کو مزید مستحکم کرنے پر زور دیا۔