مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے چہارشنبہ کو مرکزی مجلس وزراء کی میٹنگ میں کشمیر کی صورتحال کے بارے میں پریزنٹیشن دیا ۔ جس میں انہوں نے تفصیل سے بیان کیا کہ کیوں حکومت نے آرٹیکل 370 کو بے اثر کیا جس نے جموں و کشمیر کو خصوصی درجہ دے رکھا تھا ۔امیت شاہ نے داخلی سلامتی سے متعلق امور پر بھی بات کی ۔ نئی دہلی میں منعقدہ اجلاس کی صدارت وزیراعظم نریندر مودی نے کی ۔ ذرائع نے بتایا کہ وزیر فینانس نرملا سیتارامن نے ان کی جانب سے معلنہ حالیہ معاشی اصلاحات سے متعلق اقدامات کے بارے میں تفصیلی خاکہ پیش کیا ۔ انہوں نے ادعا کیا کہ حکومت نے یہ اقدامات کرنے سے قبل تمام متعلقہ فریقوں سے مشاورت کی ہے ۔ ذرائع نے مزید کہا کہ اس اجلاس میں ایک مرتبہ استعمال ہونے والے پلاسٹک کو تلف کردینے کے اقدام پر بھی پریزنٹیشن دیکھنے میں آیا ۔ وزیراعظم مودی نے اپنے یوم آزادی خطاب کے دوران اس ضمن میں اپیل کی تھی ۔