سرینگر: جموں وکشمیر نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے چہارشنبہ کے روز کہا کہ بھاجپا کے سرکردہ لیڈران آج ملک بھر میں مسلمانوں کیخلاف زہر اُگل کر ہندوں کو ڈرانے میں لگے ہوئے ہیں، حقیر ووٹ بینک سیاست کیلئے فرقہ پرستی کو ہوا دی جارہی ہے اور اس صورتحال میں کشمیر کے اندر کچھ خود غرض اور موقعہ پرست سیاسی جماعت بھاجپا کے اشاروں پر ناچ رہی ہیں۔انہوں نے کہاکہ یہاں کے عوام کو اُن سیاسی جماعتوں کو جان اور پہچان کر انہیں آنے والے انتخابات میں مسترد کرنا ہی ہوگا جنہوں نے اس ریاست کو تہس نہس کرنے میں بھاجپا کی مدد و اعانت کی اور جو آج بھی بی جے پی کے خاکوں میں رنگ بھر رہے ہیں۔ موصوف نے ان باتوں کا اظہار شانگس اننت ناگ میں چناوی ریلی سے خطاب کے دوران کیا۔جموں و کشمیر کو برباد کرنے اورلوگوں کو پشت بہ دیوار کرنے کے لئے بی جے پی کو ہدف تنقید بناتے ہوئے فاروق عبداللہ نے کہاکہ بھاجپا نے اس تاریخی ریاست کو تہس نہس کردیا اور یہاں کے حقیقی شہریوں کو محتاج بنانے میں کوئی کسر باقی نہیں چھوڑی۔انہوں نے کہاکہ بی جے پی ملک کے آئین، جمہوریت اور جمہوری اداروں کو بھی تہس نہس کرنے پر تُلی ہوئی ہے ۔