کشمیر کے خصوصی موقف کی بحالی کا مطالبہ

   

بائیں بازو جماعتوں کا سمینار، ایڈیٹر آندھرا جیوتی کے سرینواس کی تقریر
حیدرآباد۔/13 ستمبر، ( سیاست نیوز) کشمیر میں دفعہ 370 اور 35A کی برخاستگی کے خلاف بائیں بازو جماعتوں کے زیر اہتمام ایک سمینار حیدرآباد میں منعقد کیا گیا تھا۔ ایڈیٹر تلگو روز نامہ ’ آندھرا جیوتی‘ کے سرینواس کے علاوہ سابق رکن راجیہ سبھا عزیز پاشاہ، سی پی ایم کے ریاستی سکریٹری ٹی ویرا بھدرم، سی پی آئی کے ریاستی سکریٹری چاڈا وینکٹ ریڈی اور دیگر پارٹی قائدین نے سمینار سے خطاب کیا۔ ایڈیٹر آندھرا جیوتی کے سرینواس نے کشمیر کے خصوصی موقف کی بحالی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت نے کشمیری عوام کے جذبات کی پرواہ کئے بغیر یہ فیصلہ کیا ہے۔ مقررین نے بی جے پی کے فاشسٹ نظریات کے خلاف متحدہ جدوجہد کی اپیل کی۔ سی پی آئی ایم ایل نیو ڈیموکریسی، سی پی آئی ایم ایل اور دیگر بائیں بازو تنظیموں کے قائدین نے سمینار سے خطاب کیا۔ ایڈیٹر آندھرا جیوتی نے کہا کہ کشمیر کی صورتحال انتہائی ناگفتہ بہہ ہے ۔ عوام پر جو پابندیاں عائد کی گئی ہیں اس سے کئی مشکلات درپیش ہیں۔ انہوں نے عوام پر پابندیوں اور انہیں محروس رکھنے پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے دفعات 370 اور 35A کی بحالی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ وقت کی ضرورت ہے کہ کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یگانگت کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت جھوٹے پروپگنڈہ کے ذریعہ عوام کو گمراہ کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی اور اس سے وابستہ تنظیموں کا نعرہ یہ ہے کہ ایک دیش ، ایک عوام ، ایک کرنسی ، ایک پارٹی اور ایک مذہب۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے نظریات ملک کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔