ریاست کی ترقی سے متاثر مختلف سرکاری اداروں کا دورہ
حیدرآباد۔/23 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ کے ایک ہفتہ طویل دورہ پر آئے ہوئے جموں کشمیر کے صحافیوں نے آج گورنر تلنگانہ جشنودیو ورما سے راج بھون میں ملاقات کی۔ پریس انفارمیشن بیورو نے اس دورہ کا اہتمام کیا جس میں جموں کشمیر کے مختلف اخبارات سے وابستہ 12صحافی شامل ہیں۔ سرکاری اسکیمات کی بنیادی سطح پر عمل آوری کا مشاہدہ کرانے کیلئے اس دورہ کا اہتمام کیا گیا ہے۔ ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل پی آئی بی حیدرآباد شروتی پاٹل اور ڈپٹی ڈائرکٹر پی آئی بی سرینگر طارق راتھر نے قیادت کی۔ گورنرجشنو دیو ورما نے صحافیوں کا استقبال کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ عظیم تہذیب و ثقافت کا مرکز ہے یہاں کا آرٹ اور کرافٹ کافی مقبول ہے۔ انہوں نے حیدرآباد کی ترقی کے بارے میں صحافیوں کو واقف کرایا۔ انہوں نے کہا کہ صحافیوں کے اس طرح کے دوروں سے حکومت کی اسکیمات پر عمل آوری سے واقفیت حاصل ہوگی اور وہ اپنی ریاست میں حکومت کو تجاویز پیش کرپائیں گے۔ جموں کشمیر کے صحافیوں نے مختلف سرکاری اداروں کا دورہ کیا۔ وفد میں ایشین میل، کشمیر مانیٹر، کشمیر آبزرور، برائٹر کشمیر، اسٹیٹ ٹائمز، دینک اسٹیٹ سماچار اور اُڑان جیسے اخبارات کے صحافی شامل ہیں۔1