سرینگر۔13جون ( سیاست ڈاٹ کام ) اعتدال پسند حُریت کانفرنس نے پنجشنبہ کو ہندوستان کے وزیراعظم نریندر مودی اور پاکستان کے وزیراعظم عمران خان سے کہا ہے کہ بشکیک میں ہونے والی شنگھائی کوآپریشن آرگنائزیشن ( ایس سی او) کے اجلاس سے فائدہ اٹھاکر دونوں ممالک کے درمیان جو سردمہری پائی جاتی ہے اسے ختم کریں اور باہمی گفت و شنید کا آغاز کریں ۔ اعتدال پسند حریت کے صدرنشین میرواعظ عمر فاروق نے حریت کانفرنس کے ایک اجلاس کے بعد کہا کہ ہم اس بات کا اعادہ ایک بار پھر کرتے ہیں کہ آگے بڑھنے اور کشمیر میں اس تکلیف دہ خون خرابے کو روکنے کا بات چیت ہی واحد راستہ ہے ۔ ہم ہندوستان اور پاکستان پر زور دیتے ہیں کہ وہ ایس سی او کے اجلاس میںا س سردمہری کو توڑدیں اور بات چیت شروع کریں ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ وادی میںخون خرابے سے حریت کانفرنس کو سخت تشویش اور تکلیف پہنچ رہی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ کئی دہائیوں سے جاری اس خون خرابے کے نتیجہ میں کشمیر کے عوام مسائل کا شکار ہورہے ہیں ۔