کشمیر کے نوجوانوں کو پائوں دھرنے کی بھی جگہ نہیں ہو گی: محبوبہ

   

سری نگر: پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کا کہنا ہے کہ اگر جموں و کشمیر کے لوگ ابھی بھی نہیں جاگے تو ایسے حالات بنائے جائیں گے کہ یہاں کے نوجوانوں کو پاؤں دھرنے کے لئے بھی زمین نہیں بچے گی۔ انہوں نے الزام لگایا کہ سرکار نے ان کی پارٹی کے ٹکڑے ٹکڑے کر دئے اور جب وہ جموں و کشمیر کے لوگوں کی آواز اٹھاتی ہیں تو مرکز ان سے ڈرتا ہے۔ موصوف سابق وزیر اعلیٰ نے ان باتوں کا اظہار جمعے کے روز پی ڈی پی کے بانی اور ان کے والد مرحوم مفتی محمد سعید کی چھٹی برسی کے موقع پر جنوبی کشمیر کے قصبہ بجبہاڑہ میں واقع ان کے مزار دارا شکوہ پارک (پادشاہی باغ) پر نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔ اس موقع پر بھاری تعداد میں پارٹی لیڈران و کارکنان بھی موجود تھے ۔