کشمیر کے پلوامہ میں تصادم ، 2 عسکریت پسند ہلاک

   

سری نگر: جنوبی ضلع پلوامہ کے گنڈی پورہ (پنگلنہ) گاؤں میں سیکورٹی فورسز اور جنگجووں کے مابین دوران شب چھڑنے والے تصادم میں دو جنگجو مارے گئے۔ ایک پولیس ترجمان نے اس انکاؤنٹر کے بارے میں بتایا کہ پلوامہ تصادم میں دو جنگجو مارے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ تصادم کے مقام سے 2 اے کے 47 رائفلیں بر آمد کی گئیں۔ قبل ازیں پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ اتوار کی سہ پہر کو سیکورٹی فورسز نے پلوامہ کے گنڈی پورہ (پنگلنہ) گاؤں کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا ۔ انہوں نے کہا کہ سلامتی عملے کے اہلکار جوں ہی مشتبہ مقام کے نزدیک پہنچے تو وہاں موجود جنگجوؤں نے ان پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔ انہوں نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے بھی پوزیشن سنبھال کر جوابی کارروائی کا آغاز کیا جس دوران کافی دیر تک طرفین کے درمیان گولیوں کا تبادلہ جاری رہا۔ ذرائع نے بتایا کہ اندھیرا چھا جانے کے بعد سیکورٹی فورسز نے صبح تک آپریشن کو موخرکر دیا جو پیر کی علی الصبح دوبارہ شروع ہوا۔ واضح رہے کہ کشمیر زون پولیس کے انسپکٹر جنرل وجے کمار نے گذشتہ شام اپنے ایک ٹویٹ میں کہا تھا کہ اس محاصرے میں جیش محمد سے وابستہ دو جنگجو پھنسے ہیں جو پولیس اہلکار ریاض احمد کی ہلاکت میں ملوث ہیں۔