ایک فوجی زخمی، 5 کلومیٹر کے علاقے کو سیل کردیا گیا
کولگام ۔8؍ستمبر ( ایجنسیز) جنوبی کشمیر کے کولگام ضلع کے گدر جنگلاتی علاقے میں پیر کی علی الصبح عسکریت پسندوں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان انکاؤنٹر ہوا جس میں ایک عسکریت پسند ہلاک اور ایک فوجی جوان زخمی ہوگیا۔اس سے قبل جموں و کشمیر پولیس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر انکاؤنٹر کی جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ علاقے میں چند عسکریت پسندوں کی موجودگی سے متعلق مصدقہ اطلاع کے بعد پولیس، فوج کی 9 آر آر اور سی آر پی ایف کی مشترکہ ٹیم نے علاقے میں تلاشی مہم شروع کی۔تلاشی کاروائی کے دوران چھپے ہوئے عسکریت پسندوں نے سکیورٹی فورسز کی سرچنگ پارٹی پر فائرنگ شروع کر دی۔ سکیورٹی فورسز نے بھی جوابی کارروائی کی۔ بتایا جا رہا ہے کہ فائرنگ کے تبادلے میں فوج کا ایک جے سی او زخمی ہوگیا ہے۔سکیورٹی فورسز کی مزید نفری کو علاقہ میں روانہ کیا گیا ہے۔ اس دوران فوج پولیس اور سی آر پی ایف نے پانچ کلومیٹر تک کے علاقے کو سیل کردیا ہے اور بڑے پیمانے پر تلاشی کارروائیاں شروع کر دی گئی ہے۔ اس دوران علاقے میں بارش کا سلسلہ بدستور جاری ہے اور بارش ہونے کے باوجود علاقے میں فوج کا آپریشن جاری ہے۔ فی الوقت پورے علاقے کا محاصرہ کر لیا گیا ہے اور چھپے چھپے پر سکیورٹی اہلکاروں کو تعینات کر دیا گیا ہے۔واضح رہے کہ اس علاقے میں حالیہ دنوں ایک طویل ملیٹنٹ مخالف آپریشن چلایا گیا جو تقریبا 15 روز تک جاری رہا۔ اس آپریشن میں ایک عسکریت پسند سمیت دو فوجی جوان ہلاک ہو گئے تھے۔