کشمیر کے کولگام میں فوجی آپریشن کا 9واں دن

   

2 فوجی ہلاک‘یکم اگست سے تاحال6سیکوریٹی اہلکار زخمی
سری نگر۔9؍اگست ( ایجنسیز)جنوبی کشمیر کے کولگام ضلع کے اکہال علاقے میں دہشت گردوں کے ساتھ جاری تصادم میں فوج کے دو جوان ہلاک ہو گئے۔ شدید گولی باری ہفتہ کو اپنے 9ویں دن میں داخل ہو گئی۔ وادی میں حالیہ تاریخ میں یہ سب سے طویل انسداد دہشت گردی آپریشن میں سے ایک ہے۔یکم اگست سے شروع ہونے والے آپریشن میں اب تک کم از کم 6 سکیورٹی اہلکار زخمی ہو چکے ہیں۔ آپریشن کے شروعاتی دو دنوں میں دو دہشت گرد مار گرائے گئے تھے۔ ہلاک ہونے والے فوجیوں کی شناخت لانس نائیک پریت پال سنگھ اور سپاہی ہرمندر سنگھ کے نام سے ہوئی ہے، فوج نے تصدیق کی ہے کہ فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے۔فوج کی چنار کور نے ایکس پر پوسٹ کیاکہ آپریشن اکہال، کولگام چنار کور بہادروں، لانس نائیک پریت پال سنگھ اور سپاہی ہرمندر سنگھ کی عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔ ان کی ہمت اور لگن ہمیشہ ہمیں متاثر کرتی رہے گی۔