کشمیر کے یتیم بچوں کو گود لینے پر راہول کی ستائش

   

صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ کا ردعمل
حیدرآباد۔ 29 جولائی (سیاست نیوز) صدر تلنگانہ پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے لوک سبھا میں قائد اپوزیشن راہول گاندھی کی جانب سے کشمیر کے پونچھ میں سرحد پار تشدد کے نتیجہ میں والدین سے محروم 22 بے قصور یتیم بچوں کو گود لینے کے فیصلے کا خیرمقدم کیا۔ ایکس پر مہیش کمار گوڑ نے لکھا کہ وزیر اعظم نریندر مودی صرف تقاریر تک محدود ہیں جبکہ راہول گاندھی عوام کی امیدوں کی تکمیل کرتے ہیں۔ آپریشن سندور کے دوران پاکستان کی جوابی کارروائی میں شہریوں کی جو ہلاکتیں ہوئی ہیں ان کے 22 یتیم بچوں کو راہول گاندھی نے گود لینے اور ان کے تمام اخراجات برداشت کرنے کا اعلان کیا ہے۔ مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ راہول گاندھی کسی شہرت، کیمرہ یا ٹی آر پی کے بغیر عوام کی خدمت انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے یتیم بچوں کو تعلیم اور بہتر مستقبل کی فراہمی کی ضمانت دی ہے۔ جب سسٹم ناکام ہو جائے راہول گاندھی نے ایک خاندان کی طرح یتیم بچوں کے سر پر ہاتھ رکھا ہے۔ مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ صاحب اقتدار اور حقیقی لیڈر کے درمیان یہی فرق ہے۔ مہیش کمار گوڑ نے سرحدوں کے تحفظ سے متعلق وزیر اعظم کے دعوؤں پر سوال اٹھائے۔ انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی نے بھارت جوڑو یاترا کے ذریعہ ملک کے تابناک مستقبل کو یقینی بنایا ہے۔ 1