سرینگر: پیپلز کانفرنس کے چیئرمین سجاد غنی لون نے تشدد کو رد کرنے کی اجتماعی کاوشوں کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کشمیر پر گزشتہ زائد از تین دہائیوں سے مسلسل رنج و الم کی صورتحال سایہ فگن ہے ۔انہوں نے کہا کہ یہ بات انتہائی اہم ہے کہ ہم اجتماعی اور واضح طور پر تشدد کی مذمت کریں۔سجاد لون نے ان باتوں کا اظہار منگل کے روز ضلع کپوارہ کے کلمونہ گاؤں میں پولیس سب انسپکٹر ارشد احمد میر، جنہیں اتوار کے روز مشتبہ جنگجوؤں نے سری نگر میں گولیاں برسا کر ابدی نیند سلا دیا، کے گھر پر تعزیت پرسی کے بعد اپنے ایک بیان میں کیا۔اس واقعے کو انسانیت سوز اور بزدلانہ حرکت قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کشمیر میں تشدد کے اس نہ تھمنے والے سلسلے سے ہزاروں گھرانے تباہ و برباد ہو گئے ہیں اور ان گھروں کے اہل خانہ کے خوابوں کو مسمار کر دیا ہے ۔