چنڈی گڑھ، 11 مئی (یو این آئی) چنڈی گڑھ کانگریس کے رکن پارلیمنٹ منیش تیواری نے اتوار کو کہا کہ امریکی حکومت میں کسی کو صدر ڈونالڈ ٹرمپ کو بتانا چاہئے کہ کشمیر ایک ہزار سال پرانا معاملہ نہیں ہے ۔امریکی صدر نے اتوار کو ایکس پوسٹ کیا تھا جس میں دیگر چیزوں کے ساتھ ساتھ انہوں نے کہا تھا کہ وہ دونوں ممالک (ہندوستان اور پاکستان) سے بات کریں گے اور دیکھیں گے کہ کیا‘‘ہزار سال پرانے ’’ کشمیر معاملے کا کوئی حل نکالا جا سکتا ہے یا نہیں۔مسٹر تیواری نے مسٹر ٹرمپ کی اس پوسٹ کا اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ امریکی حکومت میں کوئی شخص صدر ڈوانلڈ ٹرمپ کو بتائے کہ کشمیر کوئی ہزار سال پرانا معاملہ نہیں ہے ۔انہوں نے لکھا کہ کشمیر کا مسئلہ 22 اکتوبر 1947 کو شروع ہوا – 78 سال پہلے – جب پاکستان نے آزاد جموں و کشمیر پر حملہ کیا اور مہاراجہ ہری سنگھ نے 26 اکتوبر 1947 کو پورے جموں و کشمیر کو ہندوستان میں شامل کرنے کا اعلان کیا، جس میں وہ حصہ بھی شامل ہے جس پر پاکستان نے غیر قانونی طور پر قبضہ کرلیا۔