کشن باغ میں جانور کی گاڑی پر حملہ‘ جل پلی کے قریب ہڈیوں کی گاڑی نذر آتش

   

فرقہ پرست شرپسند شہر کے حالات کو بگاڑنے کمربستہ
نعرہ بازی اور سنگباری کا واقعہ ۔ دو پولیس اہلکار سمیت چھ افراد زخمی ۔ مشیر آباد میں اشتعال انگیز ویڈیو پر شرپسند گرفتار

حیدرآباد 8 جون ( سیاست نیوز ) شہر کی پرامن فضاء کو متاثر کرنے اور ماحول کو بگاڑنے کیلئے شرپسند پوری طرح سرگرم دکھائی دے رہے ہیں اور اپنی شرانگیزیوں کے ذریعہ مسلمانوں کو نشانہ بنانے اور زہر اگلنے سے گریز نہیں کیا جا رہا ہے ۔ عیدالاضحی کے دوسرے دن آج شہر میں مختلف مقامات پر شرپسندوں نے اپنے ناپاک عزائم ظاپر کئے ۔ ایک طرف مشیرآباد کے رام نگر علاقہ میں ایک شرپسند نے ویڈیو جاری کرتے ہوئے مسلم خواتین کے تعلق سے شرانگیز تبصرے کئے تو دوسری جانب کشن باغ کے قریب نندی موسلائی گوڑہ میں شرپسندوں نے بڑے جانور منتقل کرنے والی گاڑی کو روک کر ڈڑائیور کو حملہ کا نشانہ بنایا ۔ اس کے علاوہ جل پلی چوراہا بمبئی کالونی کے قریب ہڈیاں منتقل کرنے والی گاڑی کو روک کر اسے آگ لگادی ۔ شہر میں تین مقامات پر شرانگیزی کے واقعات کے بعد عوام میں تشویش کی لہر پیدا ہوگئی تھی ۔ تفصیلات کے بموجب پہلے رام نگر مشیر آباد کا واقعہ سامنے آیا جہاں نریش نامی شرپسند نے سوشیل میڈیا پر ایک ویڈیو پوسٹ کرکے انتہائی شرانگیز ریمارکس کئے ۔ یہ ویڈیو وائرل ہوتے ہی نوجوانوں میں برہمی کی لہر پیدا ہوگئی اور نوجوانوں کی کثیر تعداد نے مشیر آباد پولیس اسٹیشن پہونچ کر احتجاج کیا ۔ انہوں نے اس شرپسند کو گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا ۔ مشیر آباد پولیس نے فوری حرکت میں آتے ہوئے اس نوجوان کو حراست میں لے لیا ۔ اسی طرح جل پلی محفل ہوٹل کے قریب بمبئی کالونی میں شرپسندوں کے ایک گروپ نے ہڈیاں منتقل کرنے والی گاڑی کو روک کر اس پر حملہ کردیا اور گاڑی کو آگ لگا دی گئی ۔ یہ ہڈیاں جل پلی علاقہ کی ایک فیکٹری کو منتقل کی جا رہی تھیں۔ شرپسندوں نے اشتعال انگیز نعرے بھی لگائے ۔ تیسرے واقعہ میں جو کشن باغ نندی موسلائی گوڑہ میں پیش آیا گئو رکھشک شرپسندوں نے بڑے جانور لیجانے والی گاڑی کو روک کر اعتراض کیا اور ڈرائیور و ساتھی پر حملہ بھی کیا ۔ انہوں نے اشتعال انگیز نعرے بھی لگائے ۔ مسلم نوجوان بھی وہاں جمع ہوگئے اور دونوں گروپس کے مابین نعرہ بازی شروع ہوگئی ۔ شرپسندوں نے سنگباری بھی کی اور کچھ دوکانات اور گاڑیوں کو نقصان بھی پہونچایا ۔ پتہ چلا ہے کہ عطاپور پولیس کے دو اہلکاروں کے بشمول 6 افراد اس واقعہ میں زخمی ہوئے ہیں۔ کچھ دوکانوں اور گاڑیوں کو بھی یہاں توڑ پھوڑ کا نشانہ بنایا گیا ۔ پولیس نے ہلکی سی طاقت کا استعمال کرتے ہوئے دونوں گروپس کو منتشر کرنے کی کوشش کی ۔ رات دیر گئے ڈی سی پی ساؤتھ زون اسنیہا مہرا اور اے سی پی فلک نما ایم اے جاوید بھی علاقہ میں پہونچ گئے اور صورتحال کا جائزہ لیا ۔ پولیس کی بھاری جمیعت کو طلب کرکے حالات کو قابو کیا گیا ۔ رات دیر گئے تک ان علاقوں میں ہلکی کشیدگی دیکھی گئی ۔