ناراض سرگرمیوں پر قابو پانے کی کوشش، ایٹالہ راجندر الیکشن مینجمنٹ کمیٹی کے صدرنشین، پورندیشوری آندھرا پردیش یونٹ کی صدر، کرن کمار ریڈی قومی عاملہ کے رکن مقرر
حیدرآباد۔/4 جولائی، ( سیاست نیوز) تلنگانہ اسمبلی انتخابات سے عین قبل پارٹی میں ناراض سرگرمیوں کے زیر اثر بی جے پی ہائی کمان نے آخر کار ریاستی صدر بنڈی سنجے کو تبدیل کردیا ہے۔ مرکزی وزیر سیاحت و کلچر جی کشن ریڈی کو تلنگانہ صدر کی ذمہ داری دی گئی ہے جو تمام گروپس کیلئے قابل قبول بتائے جاتے ہیں۔ بی جے پی نے آندھرا پردیش کے علاوہ پنجاب اور جھار کھنڈ کیلئے بھی نئے صدور کے ناموں کا اعلان کیا ہے۔ سابق مرکزی وزیر پی پورندیشوری کو آندھرا پردیش بی جے پی کا صدر مقرر کیا گیا جبکہ متحدہ آندھرا پردیش کے آخری چیف منسٹر این کرن کمار ریڈی کو بی جے پی قومی عاملہ کا رکن مقرر کیا گیا۔ کرن کمار ریڈی نے اپریل میں بی جے پی میں شمولیت اختیار کرلی تھی۔ ناراض قائدین کی قیادت کرنے والے رکن اسمبلی ایٹالہ راجندر کو تلنگانہ الیکشن مینجمنٹ کمیٹی کا صدرنشین مقرر کیا گیا۔ واضح رہے کہ بنڈی سنجے کے اندازِ کارکردگی سے کئی سینئر قائدین نے اختلاف کرتے ہوئے انہیں تبدیل کرنے کیلئے ہائی کمان پر دباؤ بنایا تھا۔ پارٹی ہائی کمان نے اگرچہ بنڈی سنجے کو تبدیل کرنے سے ابتداء میں انکار کیا تاہم ناراض قائدین کی کانگریس میں شمولیت کی اطلاعات کے بعد ہائی کمان کا موقف تبدفیل ہوگیا اور تمام گروپس کیلئے قابل قبول سمجھے جانے والے جی کشن ریڈی کو تلنگانہ پارٹی کی قیادت سونپی گئی ہے۔ کشن ریڈی توقع ہے کہ آئندہ دو دن میں عہدہ کی نئی ذمہ داری سنبھالیں گے۔ ہائی کمان کی جانب سے صدر کی تبدیلی کے فیصلہ کے بعد بنڈی سنجے نے صدارت سے اپنا استعفی پیش کردیا۔ ہائی کمان نے ناراض قائدین کے دباؤ کے تحت دو اہم فیصلے کئے لیکن بنڈی سنجے کے مستقبل کے بارے میں کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ بنڈی سنجے کو مرکزی کابینہ میں مملکتی وزیر کی حیثیت سے شامل کیا جاسکتا ہے۔ کشن ریڈی کے مرکزی کابینہ سے استعفی کے بعد بنڈی سنجے کو تلنگانہ سے کابینہ میں نمائندگی دی جائے گی۔ ہائی کمان کو امید ہے کہ کشن ریڈی کے تقرر سے داخلی اختلافات ختم ہوں گے اور پارٹی متحدہ طور پر اسمبلی انتخابات کا سامنا کرے گی۔ بی جے پی کے قومی جنرل سکریٹری ارون سنگھ نے نئے تقررات کیلئے احکامات جاری کئے۔ بتایا جاتا ہے کہ گورنر ہریانہ بنڈارودتاتریہ نے ناراض قائدین سے مشاورت کے ذریعہ مصالحتی فارمولہ تیار کیا جس کے تحت بنڈی سنجے کی جگہ کشن ریڈی کا تقرر کیا گیا ہے۔ آندھرا پردیش میں پارٹی کی صدارت آنجہانی این ٹی راما راؤ کی دختر پورندیشوری کو دی گئی ہے۔ پورندیشوری نے کانگریس سے اپنے سیاسی کیریئر کا آغاز کیا اور 2004 میں باپٹلہ اور 2009 میں وشاکھاپٹنم لوک سبھا حلقوں سے کامیابی حاصل کی۔ یو پی اے دور حکومت میں وہ مرکزی کابینہ میں شامل رہیں۔ آندھرا پردیش کی تقسیم کے بعد انہوں نے تقسیم کے فیصلہ کے خلاف کانگریس سے استعفی دے دیا اور 2014 میں بی جے پی شمولیت اختیار کرلی۔ پورندیشوری فی الوقت اڈیشہ میں بی جے پی کی انچارج ہیں۔ تلگو ریاستوں کیلئے نئے صدر کے انتخاب سے بی جے پی کیڈر میں خوشی کا ماحول ہے۔ مرکزی وزیر کشن ریڈی سابق میں بھی بی جے پی کے ریاستی صدر کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکے ہیں۔ 2010 تا 2014 متحدہ آندھرا پردیش اور 2014-16 میں تلنگانہ صدر کی حیثیت سے خدمات انجام دی۔ وہ 2016-18 میں اسمبلی میں پارٹی کے فلور لیڈر رہے۔ 2019 میں سکندرآباد لوک سبھا حلقہ سے کامیابی حاصل کی اور انہیں مرکزی کابینہ میں شامل کیا گیا۔ر