بی جے پی پر مذہبی جذبات کا استحصال کا الزام ، کانگریس ناقابل بھروسہ : پدما راؤ گوڑ
حیدرآباد ۔ 22 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : سکندرآباد حلقہ لوک سبھا کے بی آر ایس امیدوار پدما راؤ گوڑ نے کہا کہ ملک کی ساری نظر حلقہ لوک سبھا سکندرآباد پر ٹکی ہوئی ہے ۔ اس حلقہ کی نمائندگی کرنے والے مرکزی وزیر جی کشن ریڈی مرکز میں بی جے پی کی حکومت ہونے اور نریندر مودی وزیراعظم ہونے کے باوجود حلقہ لوک سبھا سکندرآباد کی ترقی اور عوام کے فلاح و بہبود کے لیے کوئی کام نہیں کیا ہے ۔ آج بودھا نگر ڈیویژن راگھوا گارڈن میں منعقدہ اسمبلی حلقہ سکندرآباد بی آر ایس پارٹی کے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ پدما راؤ گوڑ نے کہا کہ 10 سال تک مرکز پر بی جے پی کی حکمرانی رہی ہے ۔ بی جے پی نے ملک کو ترقی دینے اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے کوئی کام نہیں کیا ۔ ہمیشہ کی طرح اس مرتبہ بھی انتخابات میں مذہبی جذبات کا استحصال کیا جارہا ہے ۔ ہر مسئلہ کو ہندو مسلم کیا جارہا ہے ۔ عوام کو ذات پات اور مذہب میں بانٹتے ہوئے سیاسی فائدہ اٹھانے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ مودی سے کشن ریڈی تک صرف اسی ایک سنگل ایجنڈے پر خدمات انجام دے رہے ہیں ۔ پدما راؤ گوڑ نے کہا کہ کشن ریڈی نے گذشتہ لوک سبھا انتخابات میں عوام سے جو وعدے کئے تھے پانچ سال مکمل ہونے کے باوجود ان وعدوں کو پورا نہیں کیا گیا ۔ کشن ریڈی مرکزی وزیر ہے اور مرکز میں بی جے پی کی حکومت ہے ۔ اس کے باوجود کوئی وعدہ پورا نہیں کیا گیا تو ایسے امیدوار کو دوبارہ ووٹ کیوں دیا جائے ۔ عوام سے استفسار کیا۔ وہ اسمبلی حلقہ سکندرآباد کی نمائندگی کرتے ہیں ۔ بی آر ایس کے 10 سالہ دور حکومت میں اسمبلی حلقہ سکندرآباد کو مثالی حلقہ کے طور پر ترقی دی گئی ۔ فلاحی اسکیمات سے عوام کو بڑے پیمانے پر فائدہ پہونچایا گیا۔ اگر انہیں اس مرتبہ حلقہ لوک سبھا سکندرآباد سے رکن پارلیمنٹ بنایا گیا تو وہ حلقہ لوک سبھا سکندرآباد کو ملک کے مثالی حلقہ کے طور پر ترقی دیں گے ۔ مرکز سے لڑ جھگڑ کر فنڈز لائیں گے ۔ تلنگانہ کی آواز بن کر پارلیمنٹ میں گونجیں گے ۔ تلنگانہ کے مفادات کا تحفظ کریں گے ۔ ہمیشہ عوام کو دستیاب رہیں گے ۔ عنبر پیٹ فلائی اوور کا کام ابھی تک مکمل نہیں کرایا گیا ہے ۔ پدما راؤ گوڑ نے کانگریس حکومت کو بھی سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اسمبلی انتخابات سے قبل کانگریس پارٹی نے 6 گیارنٹی کا وعدہ کرتے ہوئے اقتدار حاصل کیا ۔ اقتدار حاصل ہونے کے بعد چیف منسٹر ریونت ریڈی نے عوام سے کیے گئے تمام وعدوں کو فراموش کردیا ۔ بی آر ایس کے ٹکٹ پر کامیاب ہونے والے ڈی ناگیندر کے سی آر سے بے وفائی کرتے ہوئے کانگریس میں شامل ہوگئے ۔ اس پر بھی غور کرتے ہوئے اپنے ووٹ کا صحیح استعمال کرتے ہوئے سکندرآباد سے انہیں اور بی آر ایس کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنانے کی عوام سے اپیل کی ۔۔ 2