کانگریس قائد ونود ریڈی کا انکشاف، سرکاری رپورٹ برسر عام
حیدرآباد۔/22 اگسٹ، ( سیاست نیوز)جنرل سکریٹری تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی این ونود ریڈی نے الزام عائد کیا کہ مرکزی وزیر کشن ریڈی نے اپنے لوک سبھا حلقہ سکندرآباد میں ترقیاتی فنڈ سے ایک روپیہ بھی خرچ نہیں کیا ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ونود ریڈی نے رکن پارلیمنٹ ترقیاتی فنڈ کے استعمال کے سلسلہ میں مرکزی حکومت سے حاصل کردہ اعداد و شمار کی بنیاد پر انکشاف کیا کہ 2019 سے آج تک کشن ریڈی نے ترقیاتی فنڈ کا ایک روپیہ بھی سکندرآباد حلقہ پرخرچ نہیں کیا ہے۔ انہوں نے کشن ریڈی سے سوال کیا کہ انہیں سکندرآباد کے رائے دہندوں سے اتنی نفرت کیوں ہے وہ اپنے حلقہ کو ترقی یافتہ دیکھنا کیوں نہیں چاہتے ۔ انہوں نے کشن ریڈی کو چیلنج کیا کہ وہ ترقیاتی فنڈ کے خرچ کے بارے میں عوام سے وضاحت کریں یا پھر کھلے مباحث کیلئے تیار ہوں۔ ونود ریڈی نے کہا کہ کورونا وباء کے دوران دواخانوں کے معائنے اور ٹیکہ اندازی مراکز کے دوروں کے علاوہ کشن ریڈی نے کچھ نہیں کیا۔ جن رائے دہندوں نے انہیں پارلیمنٹ پہنچایا اور جن کے طفیل میں مرکزی وزارت حاصل ہوئی ہے کشن ریڈی نے انہیں فراموش کردیا ہے۔ شہر میں کشن ریڈی کی آشیرواد یاترا کو ڈرامہ قراردیتے ہوئے ونود ریڈی نے کہا کہ آشیرواد یاترا دراصل کے سی آر اور کشن ریڈی کا مشترکہ ڈرامہ ہے کیونکہ بی جے پی اور ٹی آر ایس درپردہ ایک دوسرے کے حلیف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشن ریڈی 30 سال سے سیاست میں ہیں اور وہ یاترا کے دوران ٹی آر ایس کو ضابطہ کی تکمیل کیلئے تنقید کا نشانہ بنارہے ہیں۔ ٹی آر ایس پر تنقیدوں پر عوام بھروسہ نہیں کرسکتے۔ ونود ریڈی نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ پر کشن ریڈی سے وضاحت طلب کی۔ انہوں نے کہا کہ مرکز اور ریاست دونوں میں آئندہ حکومت کانگریس کی رہے گی۔R
