کشن ریڈی نے رائے دہی سے قبل شکست قبول کرلی : پدما راؤ گوڑ

   

کانگریس قائدین کا تعاون نہ ملنے سے ناگیندر مایوس ، حلقہ لوک سبھا سکندرآباد میں بی آر ایس کی لہر
حیدرآباد 30 اپریل ( سیاست نیوز ) : حلقہ لوک سبھا سکندرآباد کے بی آر ایس امیدوار پدما راؤ گوڑ نے کہا کہ سکندرآباد میں بی آر ایس کی لہر ہے ۔ رائے دہی سے قبل مرکزی وزیر و بی جے پی امیدوار جی کشن ریڈی شکست قبول کرچکے ہیں ۔ کانگریس امیدوار ڈی ناگیندر کو خود کانگریس قائدین اور کیڈر کا تعاون نہیں مل رہا ہے ۔ پدما راؤ گوڑ نے عنبر پیٹ کے مختلف علاقوں نیو پٹیل نگر ، نریندر نگر ، چناریڈی نگر ، سی بلاک ، رگھوناتھ نگر کالونی میں گھر گھر پہونچکر عوام سے ملاقات کی اور انہیں ووٹ دینے کی اپیل کی ۔ انتخابی مہم میں مقامی رکن اسمبلی کالیرو وینکٹیش ، کارپوریٹر وجئے کمار گوڑ ؤ دیگر بی آر ایس قائدین موجود تھے ۔ پدما راؤ گوڑ نے کہا کہ سکندرآباد کے عوام نے بڑی امیدوں سے بی جے پی امیدوار کشن ریڈی کو کامیاب بنایا تھا اور وہ مرکزی وزارت میں شامل ہوگئے باوجود اس کے پانچ سال میں وہ سکندرآباد کو ترقی دینے میں ناکام ہوگئے ۔ یہاں تک دو فلائی اوورس طویل عرصہ سے زیر التواء ہیں اس کی تکمیل میں بھی کشن ریڈی ناکام رہے جس پر عوام میں ان کے خلاف ناراضگی ہے ۔ عوامی نبض پڑھنے کے بعد کشن ریڈی حلقہ سکندرآباد سے غائب ہوگئے کیونکہ انہیں اندازہ ہوگیا کہ وہ ہار رہے ہیں اس لیے دوسرے حلقوں میں بی جے پی کی انتخابی مہم چلا رہے ہیں ۔ یہ کہنا غلط نہیں ہوگا کہ وہ رائے دہی سے قبل شکست کو تسلیم کرچکے ہیں ۔ دوسری جانب کانگریس امیدوار ڈی ناگیندر کو خود کانگریس قائدین کی تائید و حمایت حاصل نہیں ہورہی ہے ۔ کانگریس اختلافات و گروپ بندیوں کا شکار ہوچکی ہے ۔ جس سے ناگیندر مایوس ہیں ۔ عوام ہر جگہ ان کا والہانہ خیر مقدم کرکے انہیں اور بی آر ایس کو کامیاب بنانے کا یقین دلا رہے ہیں ۔ پدما راؤ گوڑ نے کہا کہ بی آر ایس کیلئے گریٹر حیدرآباد میں اسمبلی کے نتائج دہرائے جائیں گے ۔ بی آر ایس قائدین اور کیڈر میں کافی جوش و خروش ہے ۔ انہیں یقین ہے وہ بھاری اکثریت سے کامیاب ہونگے اور سکندرآباد کو ملک کے مثالی لوک سبھا حلقہ کے طرز پر ترقی دیں گے ۔ عوام بی جے پی اور کانگریس سے ناراض ہیں اور دونوں کو سبق سکھانے کی تیاری کررہے ہیں ۔۔ 2