کشن ریڈی نے مرکزی کابینہ کے اجلاس میں شرکت نہیں کی

   

وزیر اعظم کے دورہ کے بعد صدارت کی ذمہ داری سنبھالیں گے
حیدرآباد۔/5جولائی، ( سیاست نیوز) مرکزی وزیر سیاحت و کلچر جی کشن ریڈی نئی دہلی میں موجودگی کے باوجود مرکزی کابینہ کے اجلاس میں شریک نہیں ہوئے۔ بی جے پی نے انہیں تلنگانہ یونٹ کا صدر مقرر کیا ہے جس کے بعد انہوں نے مرکزی کابینہ کے اجلاس میں شرکت نہیں کی۔ بتایا جاتا ہے کہ کشن ریڈی پارٹی کی صدارت کی ذمہ داری سنبھالنے کے بعد مرکزی وزارت سے استعفی دے دیں گے۔ بی جے پی میں ایک شخص ایک عہدہ کے اصول پر عمل کیا جاتا ہے۔ اطلاعات کے مطابق کشن ریڈی نے مرکزی وزارت سے استعفی کے معاملہ میں ہائی کمان کو تجویز پیش کی کہ وہ دونوں عہدوں پر برقرار رہیں گے۔ تاہم ہائی کمان نے کوئی فیصلہ نہیں کیا۔ اسی دوران کشن ریڈی آج شام حیدرآباد واپس ہوئے اور پارٹی قائدین کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے 8 جولائی کو وزیر اعظم نریندر مودی کے دورہ کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ وزیر اعظم کے دورہ کے بعد وہ صدارت کی ذمہ داری سنبھالیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی وزارت کے بارے میں ہائی کمان جو فیصلہ کرے گا ان کیلئے قابل قبول ہوگا۔ر