ریونت ریڈی کا الزام ، بی جے پی مقدمات سے دھمکا رہی ہے
حیدرآباد: کانگریس رکن پارلیمنٹ ریونت ریڈی نے کہا کہ مرکزی مملکتی وزیر داخلہ کشن ریڈی کو ٹاملناڈو میں انتخابات کے لئے بی جے پی کی جانب سے انچارج مقرر کرنے میں چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کا رول ہے۔ انہوں نے کہا کہ دورہ دہلی کے موقع پر کے سی آر نے بی جے پی کی تائید کا وعدہ کرتے ہوئے کشن ریڈی کو اہم ذمہ داری دینے کیلئے معاہدہ کرلیا۔ تلنگانہ سے انتخابی اخراجات کیلئے فنڈس ٹاملناڈو منتقل کئے جارہے ہیں۔ کشن ریڈی کو انچارج مقرر کرتے ہوئے ٹی آر ایس کی تائید حاصل کی جارہی ہے۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ ٹی آر ایس اور بی جے پی کے درمیان خفیہ مفاہمت بے نقاب ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے انٹیلجنس عہدیدار ٹاملناڈو میں بی جے پی کی مدد کر رہے ہیں۔ انہوں نے تلنگانہ کے انٹلیجنس عہدیداروں کی ٹاملناڈو میں تعیناتی کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے صدر بنڈی سنجے اور رکن پارلیمنٹ ڈی اروند ٹی آر ایس کے خلاف بیان بازی کا ڈرامہ کر رہے ہیں۔ مودی اور کے سی آر میں دوستی کے سبب مقدمات کو منظر عام پر نہیں لایا جارہا ہے ۔ مقدمات سے ڈراکر کے سی آر کو بی جے پی کی تائید کیلئے مجبور کیا گیا۔