حیدرآباد ۔ 11 ۔ جولائی : ( راست ) : مرکزی وزیر کوئلہ و معدنیات ایم کشن ریڈی نے حضرت حسینؓ کے یوم شہادت کے موقع پر آج الاوہ بی بی دبیر پورہ پر حاضری دی ۔ اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بلالحاظ مذہب و ملت عوام عقیدت کے ساتھ الاوہ بی بی پر حاضری دیتے ہیں اور دل کی مراد پاتے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ رحمت العالمین ﷺ کے نواسہ اور حضرت علیؒ کے لخت جگر حضرت حسینؓ نے اسلام کے لیے عظیم قربانی دی ۔ سابق ترجمان تلنگانہ بی جے پی میر فراست علی باقری نے جو کشن ریڈی کے ساتھ تھے کہا ’ اسلام زندہ ہوتا ہے ہر کربلا کے بعد ‘ ۔ انہوں نے بتایا کہ حضور ؐ کے پیارے نواسہ حضرت حسینؓ نے سجدہ میں گردن کٹا لی اور جام شہادت نوش فرماتے ہوئے اسلام کو زندہ کیا ۔ ان کی یہ قربانی ہمیشہ یاد رکھی جائے گی ۔ فراست علی باقری نے نوجوانوں کو نصیحت کی کہ وہ حضرت حسینؓ کی تعلیمات پر عمل کریں اور اپنے کردار کو بلند کریں ۔ قومی سکریٹری بی جے پی ایف ایس لائق علی ، ایس سریندر ریڈی ، ہدایت علی مرزا ، دیانت علی خاں اور عقیل آفندی بھی مرکزی وزیر کے ہمراہ تھے ۔۔