کشن گنچ تھانہ انچارج قتل: بھاگ کر جان بچانے والے 7 پولیس ملازم معطل

   

کشن گنج۔ بہار میں پورنیا علاقے کے پولیس انسپیکٹر جنرل نے کشن گنج کے شہر تھانہ انچارج اشونی کمار کو مغربی بنگال میں چھاپہ ماری کے دوران پیٹ پیٹ کر کیے گئے قتل کے معاملے میں موقع سے جان بچا کر بھاگنے والے سات پولیس اہلکاروں کو معطل کر دیا ہے ۔ سرکاری ذرائع نے اتوار کے روز بتایا کہ پورنیا علاقے کے پولیس انسپیکٹر جنرل کی جانب سے جاری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ لوٹی گئی موٹر سائیکل کی برآمدگی اور ملزم کی گرفتاری کے لیے کشن گنج شہر تھانہ انچارج اشونی کمار کی قیادت میں ایک ٹیم ہفتے کے روز علیٰ الصباح سرحدی ریاست مغربی بنگال میں گوالپوکھر تھانہ حلقے کے پنتاپاڑہ گاؤں گئی تھی۔ اس ٹیم میں پولیس انسپیکٹر منیش کمار کے ساتھ ہی سپاہی راجو سہنی، اکھیلیشور تیواری، پرمود کمار پاسوان، اجول کمار پاسوان، سنیل چودھری اور سشیل کمار شامل تھے ۔ ملزم کے رشتہ دار سمیت تقریباً 500 افراد نے چھاپہ مار ٹیم پر حملہ کر دیا۔ ہجوم نے پولیس انسپیکٹر اشونی کمار کو پکڑ لیا اور انھیں پیٹ پیٹ کر قتل کر دیا۔ وہیں، چھاپہ مار ٹیم میں شامل دیگر سات اراکین موقع سے جان بچا کر بھاگ گئے ۔ اگر ان پولیس اہلکاروں نے اپنی ذمہ داری پر عمل درآمد عقلمندی سے کی ہوتی تو ممکنہ طور پر یہ واقعہ نہیں ہوتا۔ اس واردات میں بادی النظر ان سات پولیس اہلکاروں کی لاپرواہی سمجھ میں آتی ہے ۔