کشور چندردیو کی 24فبروری کو تلگودیشم میں شمولیت

   

کانگریس سے استعفی کے بعد اشوک گجپتی راجو سے وجیانگرم میں ملاقات
حیدرآباد ۔18 فبروری ( سیاست نیوز) آندھراپردیش کے ضلع وجیا نگرم سے تعلق رکھنے والے سینئر کانگریس قائد و سابق مرکزی وزیر مسٹر کشور چندر دیو جنہوں نے گذشتہ دنوں کانگریس پارٹی سے استعفی دے دیا تھا ، اب 24فبروری کو تلگودیشم پارٹی میں شمولیت اختیار کرلیں گے ۔ کشور چندر دیو نے کانگریس پارٹی سے مستعفی ہونے کے بعد آج پہلی مرتبہ وجیا نگرم پہنچنے کے فوری بعد سینئر قائد تلگودیشم پارٹی و سابق مرکزی وزیر پی اشوک گجپتی راجو سے خیرسگالی ملاقات کی ۔ گجپتی راجو نے ان کا ( کشور چندر دیو کا ) والہانہ استقبال کیا اور دوران بات چیت تلگودیشم پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے کے اظہار پر اشوک گجپتی راجو نے مسرت کا اظہار کیا اور نیک خواہشات ظاہر کرتے ہوئے اپنے پورے تعاون کا تیقن دیا ۔ بعد ازاں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کشور چندر دیو نے وزیراعظم نریندر مودی کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور بتایا کہ مودی کی زیرقیادت مرکزی حکومت میں عوامی جمہوریت کو مکمل طور پر کچل دیا گیا ۔ لہذا آمرانہ طرز حکومت چلانے والی بی جے پی کو آئندہ دنوں منعقد ہونے والے انتخابات میں ناکام بنانے کی شدید ضرورت ہے ۔ سابق مرکزی وزیر نے کہا کہ ملک بھر میں پائی جانے والی تمام سیاسی جماعتیں آئندہ انتخابات میں بی جے پی کو شکست دینے کے اپنے اہم مقصد کے تحت ہی متحد ہورہی ہیں ۔ کشور چندر دیو نے بتایا کہ ریاست آندھراپردیش میں تلگودیشم پارٹی کا موقف ہی انتہائی طاقتور ہے اور یہی پارٹی انتخابات میں شاندار کامیابی حاصل کر کے دوبارہ ریاست آندھراپردیش میں اسانی کے ساتھ اپنی حکومت تشکیل دے گی ۔ انہوں نے جاریہ ماہ 24 فبروری کو امراوتی پہنچ کر قومی صدر تلگودیشم پارٹی و چیف منسٹر آندھراپردیش این چندرا بابو نائیڈ سے ملاقات کریں گے اور تلگودیشم پارٹی میں شامل ہونے کا اعلان کیا ۔