کشور چندر دیو تلگودیشم میں شامل ہوجائیں گے

   

دہلی میں چندرا بابو نائیڈو سے ملاقات کے بعد اعلان
حیدرآباد 12 فبروری ( این ایس ایس ) سابق مرکزی وزیر کشور چندر دیو نے آج واضح کیا کہ وہ بہت جلد تلگودیشم پارٹی میں شمولیت اختیار کرینگے ۔ تلگودیشم سربراہ و چیف منسٹر آندھرا پردیش این چندرا بابو نائیڈو سے دہلی میں ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ بہت جلد تلگودیشم میں شامل ہونگے ۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے چندرا بابو نائیڈو سے تلگودیشم میں شمولیت کے تعلق سے بات چیت کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آندھرا پردیش میں تلگودیشم کا کوئی متبادل نہیں ہے ۔ حالانکہ وہ انتخابات میں مقابلہ کرنے تیار ہیں لیکن انہوں نے نائیڈو کے ساتھ اپنے حلقہ کے تعلق سے کوئی بات چیت نہیں کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آج کی نائیڈو سے ان کی ملاقات خیر سگالی ملاقات تھی اور اس میں انتخابات کے تعلق سے تبادلہ خیال کیا گیا ۔ واضح رہے کہ گذشتہ دنوں وجیانگرم کے دورہ کے موقع پر کشور چندر دیو نے کانگریس سے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے پارٹی سے استعفی پیش کردیاتھا ۔ جس وقت سے وہ کانگریس سے مستعفی ہوئے تھے یہ قیاس آرائیاں جاری تھیں کہ وہ تلگودیشم میں شمولیت اختیار کرینگے ۔ امکان ہے کہ تلگودیشم پارٹی انہیں لوک سبھا انتخابات میں حلقہ اراکو سے اپنا امیدوار نامزد کرے ۔