کشیدگی اور ہنگامہ آرائی کے باعث11 بلدیات میں چیرمین اور وائس چیرمین کے انتخابات ملتوی

   

حیدرآباد ۔16 ۔ فروری (سیاست نیوز) تلنگانہ میں میئر اور چیرمین کے انتخابات زیادہ تر مقامات پر پرامند طریقہ سے مکمل ہوگئے ۔ تاہم چند بلدیات میں کشیدگی اور کورم مکمل نہ ہونے کی وجہ سے 11 بلدیات کے چیرمین اور وائس چیرمین کے انتخاب کو کل تک کیلئے ملتوی کردیا گیا ہے ۔ ریاست کے کئی مقامات پر کانگریس ، بی آر ایس اور بی جے پی کے درمیان اختلافات دیکھے گئے ہیں جو چیرمین اور وائس چیرمین کے انتخاب کو ملتوی کرنے کا سبب بن گئے ہیں۔ ریاست بھر کی 116 بلدیات میں چیرمین اور وائس چیرمین اور ساتھ ہی 7 میونسپل کارپوریشن میں میئر اور ڈپٹی میئر عہدوں کے لئے آج رائے دہی مقرر تھی لیکن انتخابی عہدیداروں کے مطابق 11 بلدیات میں انتخابات کو ملتوی کردیا گیا ہے ۔ ان میں ایلندو ، سلطان آباد ، ابراہیم پٹنم ، کاغذ نگر ، کتہ پلی ، خانہ پور، ظہیر آباد ، اندول ، ڈورنکل ، جنگاؤں اور تھرور شامل ہیں۔ عہدیداروں نے بتایا کہ جن بلدیات میں آج چیرمین اور وائس چیرمین کے انتخابات منعقد نہیں ہوسکے ، وہاں 17 فروری کو انتخابات کرانے کے قوی امکانات پائے جاتے ہیں۔2