اودے پور۔ 16جولائی (سیاست ڈاٹ کام) راجستھان میں ضلع اودے پور کے جاورمائنس تھانہ علاقے میں ایک نوجوان کے قتل کے ملزمین کی گرفتار کے مطالبے پر پیر کے روز پیش آئے واقعہ کے بعد کشیدگی کے پیش نظر انتظامیہ نے ضلع کے 10 سے زیادہ قصبوں میں آج صبح 8 بجے سے آئندہ 24 گھنٹوں کیلئے انٹرنیٹ خدمات بند کردی گئیں۔ڈویژنل کمشنر وکاس بھولے رام کی جانب سے جاری حکم میں کہا گیا ہے کہ اس واقعہ کے سلسلے میں سماج دشمن عناصر نے قانون و انتظام بگاڑنے کی صورتحال پیدا کردی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ انٹرنیٹ خدمات سے قانون و انتظام اور سماجی ہم آہنگی منفی طورپر متاثر ہونے کے پیش نظر ضلع کے ماؤلی، ولبھ نگر، ڈبوک، گھاس، کیلاش پور، سراڑا، جاور مائنس، سلومبر، جھلارا علاقے میں 24 گھنٹوں کیلئے انٹرنیٹ خدمات بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔اس واقعہ کے بعد جاور مائنس علاقے میں آٹھ تھانوں کا پولیس دستہ تعینات کیا گیا ہے ۔ پولیس اور انتظامیہ کے اعلی افسران بھی موقع پر موجود ہیں۔ پولیس کے مطابق اس واقعہ سے متعلق افواہیں پھیلانے کے معاملے میں 38 اور امن و امان میں خلل ڈالنے کے الزام میں 152 لوگوں کو گرفتار کیا گیا ہے ۔پالیدار کا رمیش پٹیل گزشتہ 10 جولائی سے اپنے گھر سے غائب تھا جس کی لاش 12 جولائی کو جے سمند سینکچوری سے برآمد ہوئی تھی۔ پولیس نے اس معاملے میں دو ملزمین کو گرفتار کیا ہے ۔ گاؤں والوں کا الزام ہے کہ پولیس اس معاملے میں خاص ملزم کو بچا رہی ہے ۔ پیر کے روز اودے پور قومی شاہراہ پر ٹریفک روک کر مظاہرہ کیا گیا۔ گاؤں والوں نے روڈویز کی دو بسوں اور پولیس کی تین گاڑیوں میں آگ لگادی تھی۔ ہجوم کے پتھراؤ میں پولیس اہلکاروں سمیت کئی لوگ زخمی ہوئے ۔
