کشیدہ حالات میں مودی سیاست کرنے میں مصروف : سرفراز احمد صدیقی

   

نئی دہلی، 28فروری (سیاست ڈاٹ کام )دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کے سکریٹری اور سپریم کورٹ کے وکیل سرفراز احمد صدیقی نے پاکستان کے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کی مذمت کرتے ہوئے الزام لگایا کہ اس وقت ملک میں غم کا ماحول ہے لیکن ہمارے وزیر اعظم سیاست کرنے سے باز نہیں آرہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ کانگریس نے اپنی تمام سرگرمیوں کو ملتوی یا منسوخ کردیا ہے کیوں کہ ہمارے جانبازپائلٹ ابھی نندن پاکستان کے قبضے میں ہے اور ہمارے دو پائلٹ کی موت ہوگئی ہے جس کی وجہ سے پورا ملک غمگین ہے لیکن اسی دوران ہمارے وزیر اعظم نریندر مودی نے نہ صرف غیر ملکی دورہ کیا بلکہ ایک درجن سے زائد انتخابی ریلیاں کی ہیں۔ انہوں نے ملک کے عوام سے سوال کیا کہ کیا ایسی صورت میں کوئی بھی حساس وزیراعظم انتخابی ریلی کرے گا۔انہوں نے کہاکہ پلوامہ حملے کے بعد سے ہی پورے ملک میں غم کا ماحول ہے اور کانگریس نے اپنی ساری ریلیاں اس عرصے میں منسوخ کردی یہاں تک ورکنگ کمیٹی کی ہونے والی میٹنگ بھی منسوخ کردی لیکن ہمارے وزیر اعظم نہ ریلی کرنے سے باز آرہے ہیں اور نہ ہی سیاست کرنے سے باز آرہے ہیں۔ انہوں نے وزیر اعظم کی بے حسی کا دعوی کرتے ہوئے کہاکہ پلوامہ حملے کے بعد کل جماعتی میٹنگ میں بھی وزیر اعظم شریک نہیں ہوئے اور ریلی کو خطاب کرنے کے لئے چلے گئے ۔ انہوں نے کہاکہ اس سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ وزیر اعظم کی ترجیح جوانوں کے اعزا سے ہمدردی ہے یا اس کے سہارے اقتدار میں واپسی کی ہے ۔

ہند سے بھی سمجھوتہ ٹرین منسوخ
نئی دہلی ۔ 28 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) ریلوے نے انڈو ۔ پاک سمجھوتہ ایکسپریس کی خدمات کو جمعرات سے اپنی طرف سے بھی منسوخ کردیا ہے جو خالصتاً عملی وجوہات کے سبب کیا گیا جبکہ پاکستان پہلے ہی یہ ٹرین معطل کرچکا ہے۔