نتائج 95 فیصد تک درست ہونے کی امید۔ فضائی سفر کیلئے معائنوں کے لزوم کا امکان
حیدرآباد۔ بین الاقوامی سفر کیلئے کورونا وائرس کے معائنہ کے لزوم کے علاوہ معائنہ کو کفایتی اور قابل دسترس بنانے ہند۔ اسرائیل کے محققین کٹس تیار کرنے میں مصروف ہیں اور جلد ہی ہندستان میں اسرائیل کی مدد سے کٹس کی تیاری کا آغاز کیا جائے گا جو دنیا بھر میں سربراہ کرنے کا نشانہ ہے۔ اسرائیلی سائنسداں موشے گولان نے بتایا کہ اسرائیل نے 50 سیکنڈ میں کورونا معائنوں کی توثیق کرنے والی کٹس تیار کرلی ہیں اور ان کو’ ویرون ٹسٹ‘ کا نام دیا گیا ہے۔ ہندستان اور اسرائیل کی تیار کردہ اس کٹ کا مقصد طویل مدتی معائنوں کو جاری رکھنے کی کوشش ہے کیونکہ آئندہ کئی برسوں تک بین الاقوامی سفر کیلئے کورونا ٹسٹ لازمی ہوگا اور مسافرین کو اس کے بغیر سفر کی اجازت نہیں دی جائیگی ۔ موشے گولان نے بتایا کہ Virion Tests کیلئے لعاب حاصل کیا جائے گا اور اس معائنہ سے جو نتائج ہوں گے وہ 95 فیصد تک درست ہوں گے اسی لئے اس ٹسٹ کو اہمیت حاصل ہوگی اور جلد ہی ائیرپورٹ مسافرین کو کورونا کے معائنہ سے گذرنا ہوگا ۔ بتایاجاتا ہے کہ اسرائیلی کمپنی کیڈوڈ سائنس اینڈ ٹکنالوجی لمیٹیڈ کی جانب سے ہندستانی ادارہ ڈیفنس ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن کی تیار کی جانے والی اس کٹ سے کورونا معائنہ کی صورت میں ایک گھنٹہ میں 70معائنوں کی گنجائش ہوگی جبکہ فی الحال کورونا معائنہ کیلئے آر ٹی ۔پی سی آر اور ریاپڈ اینٹی جین ٹسٹ کئے جا رہے ہیں ۔ آر ٹی ۔پی سی آر کیلئے ماہر مائیکرو بائیولوجسٹ اور دیگر عملہ کے علاوہ لیاب کی دیگر سہولتیں اور وقت درکار ہے جبکہ ریاپڈ اینٹی جین ٹسٹ کے نتائج کو قابل قبول تصور نہیں کیا جا رہاہے کیونکہ وہ مختلف امراض کے شکار مریضوں کو کورونا مریض قرار دے رہا ہے۔ اس ٹسٹنگ کٹ کی خصوصیت یہ بتائی جا رہی ہے کہ ان کے ذریعہ معائنہ کیلئے کوئی اہلیت درکار نہیں ہے اور کوئی بھی یہ ٹسٹ کرسکتا ہے علاوہ ازیں ٹسٹ کٹ کی قیمت کو کفایتی رکھنے پر توجہ دی جا رہی ہے کیونکہ مستقبل میں اندرون ملک اور بین الاقوامی مسافرین کیلئے کورونا معائنہ لازمی قرار دیئے جانے کا امکان ہے۔