وارانسی، 16 نومبر (یو این آئی) اتر پردیش کے وارانسی ضلع میں کوڈین پر مشتمل ممنوعہ کف سیرپ کے کیس میں ہفتے کو بین ریاستی گروہ کے سرغنہ شبھم جیسوال اور اس کے والد بھولا جیسوال سمیت 28 تاجروں کے خلاف تھانے میں معاملات درج کیے گئے ۔غازی آباد پولیس نے کچھ دن قبل ممنوعہ کف سیرپ کے ڈرگ ریکیٹ کا پردہ فاش کیا تھا۔ اس کیس کے مرکزی ملزم میداگن کے رہائشی شبھم جیسوال اور اس کے والد بھولا پرساد ہیں۔ اتر پردیش فوڈ سیفٹی اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن اور پولیس کی تحقیقات میں پایا گیا کہ کروڑوں روپے کی ممنوعہ کف سیرپ خریدی اور بیچی گئی۔ کاشی کی کئی دکانوں سے سیرپ کی لاکھوں بوتلیں خرید و فروخت کی گئیں۔ذرائع کے مطابق ‘شیلی ٹریڈرز’ نے 2023 سے 2025 کے درمیان ‘ایبٹ ہیلتھ کیئر’ کی ممنوعہ کف سیرپ خریدی اور بیچی۔ تحقیقات سے معلوم ہوا کہ یہ کمپنی میداگن کے رہائشی بھولا جیسوال اور اس کے بیٹے شبھم جیسوال کی ملکیت تھی۔ شبھم کے خلاف غازی آباد میں بھی معاملہ درج ہے ۔ یہ دونوں کچھ اور فرمز بھی چلا رہے تھے ۔ کچھ جعلی فرمز کو بھی ممنوعہ سیرپ بیچی اور خریدی گئی۔